
Published: October 21, 2026
مقرب وڑائچ ڈیلرز کمیونٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، بہترین صدر ثابت ہونگے: میاں عرفان اسد
لاہور | ریاض حسین ری نیوز پاکستان
چیئرمین نوبل ریئلٹرز گروپ و چیئرمین میاں عرفان اسد نے کہا ہے کہ چوہدری مقرب وڑائچ رئیل اسٹیٹ کمیونٹی کے مسائل اور ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے معاملات سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کی سابقہ خدمات اور تنظیمی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے گروپ نے انہیں ایسوسی ایشن کے انتخابات میں صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔
'ری نیوز' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں عرفان اسد نے کہا کہ نوبل ریئلٹرز گروپ نے اپنے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد ان کا بطور صدارتی امیدوار کا انتخاب کیا، گروپ کی کوشش تھی کہ ایسی شخصیت کو سامنے لایا جائے جو ڈیلرز کے مسائل کو سمجھتی ہو اور ایسوسی ایشن میں ذمہ داریاں نبھانے کا تجربہ رکھتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ایسوسی ایشن کی کابینہ مؤثر انداز میں کام نہیں کر سکی۔ اسی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے گروپ نے آئندہ انتخابات کے لیے امیدوار کے انتخاب پر تفصیلی غور کیا اور چوہدری مقرب وڑائچ کو موزوں امیدوار قرار دیا۔
میاں عرفان اسد نے کہا کہ چوہدری مقرب وڑائچ اس سے قبل ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن میں سیکرٹری فنانس اور جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، ان ذمہ داریوں کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ انہیں ایسوسی ایشن کے انتظامی امور اور ڈیلرز کمیونٹی کی ضروریات کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
چیئرمین نوبل ریئلٹرز گروپ نے مقرب وڑائچ کی سابقہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گروپ نے ان کی خدمات، صلاحیتوں اور کمیونٹی میں پہچان کی بنیاد پر انہیں صدارتی امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب ہونے کی صورت میں وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں گے اور کمیونٹی کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
میاں عرفان اسد نے مزید کہا کہ انہیں توقع ہے کہ رئیل اسٹیٹ کمیونٹی چوہدری مقرب وڑائچ کی گزشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سمیت نوبل ریئلٹرز گروپ کے پورے پینل کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ کا مقصد ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ڈیلرز کی نمائندگی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔