
Published: November 19, 2026
ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی آئینی ترامیم پر ڈیلر گوہر قیوم کے تحفظات، قانونی طریقۂ کار پر سوالات اٹھا دیے
لاہور | ریاض حسین، چیف رپورٹر ری نیوز پاکستان
ڈی ایچ اے لاہور کے رئیل اسٹیٹ بزنس مین اور گوہر اسٹیٹ اینڈ بلڈرز کے سی سی او گوہر قیوم خان نے ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی مجوزہ آئینی ترامیم اور خصوصی جنرل اجلاس (SGM) کے ایجنڈے پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے قانونی تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز لاہور کو دی گئی درخواست میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 14 اکتوبر 2026 کے غیر معمولی جنرل اجلاس (EOGM) اور مجوزہ ترامیم کے طریقۂ کار میں قانونی و انتظامی خامیاں موجود ہیں، جنہیں دور کیے بغیر فیصلے کرنا مناسب نہیں۔
گوہر قیوم نے اپنے تحریری مؤقف میں ممبرشپ فیس، ایسوسی ایشن کارڈز، سی ای او کی تفصیلات، انتخابی نظام اور انتظامیہ کے اختیارات سے متعلق مجوزہ تبدیلیوں پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے 10 ہزار روپے ممبرشپ فیس کی تجویز پر بھی اعتراض کیا اور مطالبہ کیا کہ 2025 اور 2026 کے متعلقہ مالی ریکارڈ اور آڈٹ رپورٹس ممبران کے سامنے رکھی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم سے پہلے تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے اور انتخابی معاملات کے لیے نمائندہ کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جاسکے۔
دوسری جانب رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنیز لاہور کے دفتر نے 12 نومبر 2026 کے تحریری جواب میں واضح کیا کہ خصوصی جنرل اجلاس کا ایجنڈا طے کرنا ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اور ممبران کا اختیار ہے۔ دفتر کے مطابق اگر ایسوسی ایشن کے معاملات قانون کے مطابق چل رہے ہوں تو رجسٹرار داخلی امور میں مداخلت نہیں کرسکتا۔
گوہر قیوم کو اپنے اعتراضات ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم رجسٹرار کے جواب میں مجوزہ ترامیم یا اجلاس کو غیر قانونی قرار نہیں دیا گیا۔
