تاریخ اشاعت: June 6, 2026 - 10:46 AM
Pakistan and Saudi Arabia Sign Major Investment Agreements in Real Estate, Ports, Motorways and Minerals
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رئیل اسٹیٹ ، پورٹس، موٹر ویز اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے اہم معاہدے طے
▫️حیدرآباد کراچی موٹر وے کی تعمیر پر بھی اتفاق، سعودی سرمایہ کاروں کو پاور سیکٹر، ٹرانسمیشن لائنز، سمارٹ میٹرنگ، پیٹرولیم اور معدنیات میں مواقع پر بریفنگ دی گئی
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے متعدد اہم معاہدے طے پا گئے ہیں۔ یہ پیش رفت پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کے دو روزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی، جس میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں، حکومتی نمائندوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پورٹس اور موٹر ویز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے معاہدہ طے پایا، جبکہ حیدرآباد کراچی موٹر وے کی تعمیر کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے بھی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
معاہدوں پر دستخط سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی موجودگی میں کیے گئے، جبکہ سعودی وفد کے سربراہ شہزادہ منصور بن السعود نے سعودی عرب کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کیے۔
حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی اور پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس کی مشترکہ صدارت گوہر اعجاز اور فواد مختار نے کی، جبکہ سعودی وفد کی قیادت شہزادہ منصور بن السعود نے کی۔
اجلاس کے دوران سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں، پاور سیکٹر، ٹرانسمیشن لائنز، سمارٹ میٹرنگ، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں موجود مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس اور حکومتی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات، مشترکہ منصوبوں اور اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں سے پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی، معدنیات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔