تاریخ اشاعت: April 27, 2026 - 9:25 AM
President Meets SANY Group and Hunan Tea Group During China Visit, Emphasises Strengthening Pak China Industrial Cooperation
صدر مملکت کا دورہ چین کے دوران سینی گروپ اور ہونان ٹی گروپ سے ملاقاتیں، پاک چین صنعتی تعاون کے فروغ پر زور
▫️پاکستان اور چین کے درمیان تعمیراتی مشینری، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، کلین انرجی اور انجینئرنگ سلوشنز کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، آ صف زرداری
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنر مندی کے فروغ اور مشترکہ صنعتی منصوبے ملک کی انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وہ چین کے صوبہ ہونان کے شہر چانگشا میں سینی ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہیں کمپنی کے آپریشنز اور صنعتی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق دورے کا مقصد انجینئرنگ، تعمیراتی مشینری اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
صدر زرداری نے سینی کے جدید اور مربوط مینوفیکچرنگ نظام، وسیع پیداواری صلاحیت اور تکنیکی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعمیراتی مشینری، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، کلین انرجی اور انجینئرنگ سلوشنز کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سینی گروپ کے چیئرمین تانگ شیوگو نے صدر کو ادارے کے بنیادی کاروباری شعبہ جات، عالمی مارکیٹ میں موجودگی اور صنعتی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر فریقین کے درمیان مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے سے متعلق تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ چینی کمپنی نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے ہونان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ بھی کیا، جہاں چیئرمین ژو ژونگ وانگ نے ادارے کے مربوط بزنس ماڈل، سپلائی چین اور بین الاقوامی مارکیٹ میں موجودگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں چائے کی کاشت، پراسیسنگ، تحقیق، مارکیٹنگ اور برآمدی نظام کو ایک مربوط صنعتی ڈھانچے کے تحت چلانے کے عمل پر روشنی ڈالی گئی۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ ہونان ٹی گروپ صوبے کے چائے کے شعبے کے لیے ایک مرکزی رابطہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، جو کاشتکاروں، صنعت اور تحقیقی اداروں کو باہم منسلک کرتے ہوئے برانڈنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ صدر نے کمپنی کی ہسٹری گیلری کا دورہ کیا، چائے کی پراسیسنگ اور ثقافتی پہلوؤں پر مبنی پریزنٹیشن دیکھی۔
صدر زرداری نے پاکستان کے زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن، زرعی پراسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ہونان ٹی گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
یہ دورہ پاکستان کی اس جامع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت چین کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو مزید فعال بناتے ہوئے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی نمو کے اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔