تاریخ اشاعت: May 16, 2026 - 11:00 AM
Punjab Chief Minister to Visit Azerbaijan from May 17 to 20; Punjab’s Urban Development Model to Be Presented Globally
وزیراعلیٰ پنجاب 17 سے 20 مئی تک آذر بائیجان کا دورہ کرینگی، پنجاب کے اربن ڈویلپمنٹ ماڈل کو عالمی سطح پر پیش کیا جائے گا
▫️مریم نواز باکو میں ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، فلیگ شپ منصوبہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ عالمی فورم پر شو کیس کیا جائے گا
پنجاب حکومت نے اربن ڈیولپمنٹ کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر نئے اتحاد قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے خود بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف 17 مئی سے 20 مئی تک جمہوریہ آذربائیجان کے شہر باکو کا 3 روزہ تاریخی دورہ کریں گی، جہاں وہ بین الاقوامی ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ اس دورے کو پنجاب حکومت کے اربن ڈویلپمنٹ وژن اور عالمی شراکت داریوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف 17 مئی کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات کریں گی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، شہری ترقی، انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف آذربائیجان میں خصوصی سٹیٹ گیسٹ کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔ وہ باکو اولمپک سٹیڈیم میں منعقدہ ورلڈ لیڈرز سمٹ سے تاریخی خطاب بھی کریں گی، جس میں پنجاب کے ترقیاتی وژن، شہری منصوبہ بندی اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
ورلڈ اربن فورم کے موقع پر پنجاب حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ خصوصی طور پر شو کیس کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب اس منصوبے کو افورڈ ایبل ہاؤسنگ سیکٹر میں ایک منفرد ماڈل کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرے گی، جس کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے طبقات کو رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا دورہ آذربائیجان پنجاب کے بہترین منصوبوں کو عالمی سطح پر پہچان دلانے، شہری ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ نئے روابط قائم کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
دورہ آذربائیجان میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور وزیر کھیل فیصل ایوب بھی ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، معاون خصوصی علی ڈار، چیف سیکریٹری پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا سٹاف بھی وفد کا حصہ ہوگا۔