تاریخ اشاعت: May 16, 2026 - 6:00 PM
IG Railways Police Visits Retrieved Land, Directs Officials to Prevent Reencroachment
آئی جی ریلوے پولیس کی واگزار اراضی کا دورہ، دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دینے کی ہدایت
▫️آئی جی فخر سلطان نے زیر تعمیر ایس آر پی آفس، پی آر پی عمارتوں اور حسن ریلوے پولیس لائنز میں سہولیات کا جائزہ بھی لیا
آئی جی ریلوے پولیس محمد وصی فخر سلطان نے راولپنڈی میں حالیہ انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران واگزار کرائی گئی ریلوے اراضی کی سخت نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت دوبارہ تجاوزات قائم نہیں ہونے دی جائیں گی۔
آئی جی ریلوے پولیس نے ایس آر پی راولپنڈی اور ڈی ایس پی آر پی اے کے ہمراہ 15 مئی 2026 کو شاہ بخاری روڈ راولپنڈی پر ریلوے اراضی اور متعلقہ مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ مذکورہ اراضی حالیہ انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران قابضین سے واگزار کرائی گئی تھی۔
دورے کے دوران محمد وصی فخر سلطان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ واگزار کرائے گئے مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اراضی اور دیگر اثاثوں کا تحفظ ریلوے پولیس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے، جبکہ ان قیمتی اثاثوں کو مؤثر انداز میں استعمال کر کے پاکستان ریلوے کی آمدن میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
آئی جی ریلوے پولیس نے افسران کو ہدایت کی کہ ریلوے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ واگزار اراضی کو مفید اور پیداواری استعمال میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ادارے کو اپنے اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی، تحفظ اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔
بعد ازاں آئی جی ریلوے پولیس نے پی آر پی راولپنڈی میں زیر تعمیر ایس آر پی آفس اور متعلقہ عمارتوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نظرثانی شدہ پی سی-ون کے مطابق باقی ماندہ تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے آڈیٹوریم اور ایڈمن بلاک کو بھی ریلوے حکام کے تعاون سے فوری طور پر فعال کرنے پر زور دیا۔
تعمیراتی سائٹ کے معائنے کے دوران آئی جی ریلوے پولیس نے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ملبہ، جھاڑیاں اور خود رو پودے فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا۔
محمد وصی فخر سلطان نے حسن ریلوے پولیس لائنز راولپنڈی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے رہائشی اور دفتری سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ضروری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیس لائنز میں صفائی، نظم و ضبط اور بہتر ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔