تاریخ اشاعت: May 18, 2026 - 6:00 PM
Karachi Set to Get Pakistan’s Tallest Skyscraper as Burj Quaid Project Moves Ahead; DHA City Karachi and ABS Developers Finalize Agreement
کراچی میں پاکستان کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا منصوبہ، ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور اے بی ایس ڈویلپرز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا
▫️941 فٹ بلند 82 منزلہ برج قائد سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور جدید شہری ترقی کے فروغ کا باعث بننے کی توقع
کراچی کے افق پر ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے، جہاں ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور اے بی ایس ڈویلپرز کے درمیان برج قائد کے نام سے 82 منزلہ بلند و بالا منصوبے کی تعمیر کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
منصوبے کی تفصیلات کے مطابق برج قائد کی بلندی 941 فٹ تک متوقع ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد اسے پاکستان کی بلند ترین عمارت قرار دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ تقریباً 6 ایکڑ رقبے پر محیط ہو گا اور اس کی تکمیل 6 سال میں متوقع ہے۔
ترقیاتی منصوبے سے وابستہ حکام کا خیال ہے کہ برج قائد کراچی کی کاروباری سرگرمیوں کو تقویت دینے، قامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور شہر میں جدید شہری انفراسٹرکچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس منصوبے کو کراچی میں بلند و بالا اور جدید تعمیراتی رجحان کے حوالے سے ایک نمایاں سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کے بڑے شہروں، بالخصوص کراچی اور اسلام آباد میں بلند عمارتوں کی تعمیر میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ زمین پر بڑھتے دباؤ اور تجارتی ضروریات میں اضافے کے باعث ڈویلپرز اور سرکاری ادارے عمودی ترقی کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد کے بلیو ایریا میں ایک ایسی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی سامنے آیا تھا، جو وفاقی دارالحکومت کی بلند ترین عمارت بن سکتی ہے۔ اتھارٹی اپنے 9 ہزار مربع گز پلاٹ پر ایک کثیر المنزلہ ایوی ایشن اینڈ کمرشل کمپلیکس تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق مجوزہ ایوی ایشن کمپلیکس میں ایئر لائن ہیڈکوارٹرز، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے دفاتر، کانفرنس سہولیات، بینک، فوڈ کورٹس، ہوٹل رہائش، ایوی ایشن میوزیم، فٹنس و تفریحی سہولیات اور آرٹ گیلری شامل ہوں گی۔
اسلام آباد اس وقت بھی کئی نمایاں بلند و بالا منصوبوں کا مرکز ہے، جن میں ایف 10 مرکز میں زیر تعمیر گارڈن ریزیڈنشل اپارٹمنٹ پراجیکٹ شامل ہے۔ یہ منصوبہ 42 منزلوں اور 470 فٹ بلندی پر مشتمل ہونے کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے دیگر نمایاں ٹاورز میں دی سینٹورس اور ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو شامل ہیں۔
تاہم برج قائد منصوبہ کراچی کو پاکستان میں بلند و بالا تعمیرات کے رجحان میں نمایاں مقام دلا سکتا ہے اور ملک کے بدلتے ہوئے رئیل اسٹیٹ اور شہری ترقیاتی شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔