تاریخ اشاعت: May 19, 2026 - 12:00 PM
Power Consumers’ Data to Be Collected Through QR Codes, Subsidy May Be Withdrawn for Those Failing to Provide Required Information
کیو آر کوڈ کے ذریعے بجلی صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ، مطلوبہ معلومات نہ دینے والوں کی سبسڈی ختم ہونے کا امکان
▫️ایک سے زائد سنگل فیز میٹرز کے ذریعے پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی رعایت لینے والے صارفین کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، سبسڈی ختم ہونے کی صورت میں صارفین کو نان پروٹیکٹڈ ٹیرف کے تحت بلنگ ہو گی
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کے بلوں پر کیو آر کوڈ شائع کرنا شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد ایک سے زائد سنگل فیز میٹرز کے ذریعے رعایتی ٹیرف سے فائدہ اٹھانے والے صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کے تحت ایسے صارفین کی نشاندہی کی جائے گی جنہوں نے ایک سے زائد میٹرز کے ذریعے پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل رہ کر بجلی کے بلوں میں سبسڈی حاصل کی۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ان صارفین کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ رعایت صرف حقیقی مستحق صارفین تک محدود رکھی جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق بلوں پر دیے گئے کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین سے مطلوبہ معلومات حاصل کی جائیں گی۔ جو صارفین مقررہ طریقہ کار کے تحت اپنا ڈیٹا اپ لوڈ نہیں کریں گے، ان کی سبسڈی ختم کی جا سکتی ہے۔
سبسڈی ختم ہونے کے بعد متعلقہ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے ٹیرف کے مطابق بل جاری کیے جائیں گے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں تقریباً 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کے بلوں پر ملنے والی سبسڈی کی رقم بھی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے، تاکہ صارفین کو یہ معلوم ہو سکے کہ انہیں موجودہ بلنگ میں کتنی رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حکومت اور بجلی کمپنیوں کا مقصد سبسڈی کے نظام کو شفاف بنانا اور اسے صرف ان صارفین تک پہنچانا ہے جو واقعی پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔