تاریخ اشاعت: May 21, 2026 - 11:30 AM
One Constitution Avenue Case: Apartment Owners Fail to Secure Immediate Relief from Islamabad High Court
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس: اپارٹمنٹ مالکان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے فوری ریلیف نہ مل سکا
▫️لیز منسوخی کے بعد بلڈنگ کی ملکیت، وزیراعظم کمیٹی اور متاثرہ مالکان کے حقوق سے متعلق اہم سوالات زیر بحث
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے 20 سے زائد سب لیز ہولڈر اپارٹمنٹ مالکان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے فوری ریلیف نہ مل سکا۔ جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بنچ نے انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایات لے کر تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سابق ایئر چیف مجاہد انور خان، سابق صدر آئی سی سی احسان مانی اور سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد سمیت دیگر اپارٹمنٹ مالکان کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران سی ڈی اے کے وکیل کاشف علی ملک ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق لیز منسوخ ہونے کے بعد متعلقہ بلڈنگ سی ڈی اے کی ملکیت بن جاتی ہے۔
دوران سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ بات درست ہے تو پھر کیا وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی غیر قانونی ہے؟ عدالت نے استفسار کیا کہ وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹی کے خلاف کوئی درخواست کیوں دائر نہیں کی گئی؟
اس پر سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تبصرہ نہیں کریں گے، یہ اٹارنی جنرل آفس ہی بہتر طور پر بتا سکتا ہے۔ جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ اگر وزیراعظم کی کمیٹی کو چیلنج نہیں کیا گیا تو یہ ایک اہم نکتہ بنے گا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے مزید ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ میں بھی مالکان کے حقوق کا دفاع کیا گیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ کیا اپارٹمنٹ مالکان کو اپارٹمنٹس خالی کرنے کے لیے کوئی نوٹس جاری کیا گیا تھا؟
عدالت نے کہا کہ جب لیز قانوناً موجود تھی تو مالکان وہاں رہائش پذیر تھے، تاہم اگر اب کوئی نیا شخص رہنے کے لیے جائے گا تو وہ الگ معاملہ ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا کہ بی این پی سے متعلق معاملہ اب زیر بحث نہیں، موجودہ کیس متاثرہ اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق سے متعلق ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سی ڈی اے کو ہدایات لے کر تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔