تاریخ اشاعت: February 4, 2026 - 12:00 PM
Pakistan Announces Increased Subsistence Allowance and New Housing for Jammu & Kashmir Refugees.
مہاجرینِ جموں و کشمیر کے لیے گزارہ الاؤنس میں اضافہ، نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان.
▫️ 750 رہائشی یونٹس پر مشتمل پائلٹ منصوبہ، مستقل اور باعزت رہائش کی فراہمی کا ہدف.
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان حکومتِ پاکستان نے مہاجرینِ جموں و کشمیر کے لیے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافہ کرتے ہوئے رقم فی فرد 5,000 روپے مقرر کر دی ہے، جبکہ مستقل رہائش کی فراہمی کے لیے 750 نئے گھروں کی تعمیر پر مشتمل پائلٹ منصوبہ شر...
حکومتِ پاکستان نے مہاجرینِ جموں و کشمیر کے لیے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافہ کرتے ہوئے رقم فی فرد 5,000 روپے مقرر کر دی ہے، جبکہ مستقل رہائش کی فراہمی کے لیے 750 نئے گھروں کی تعمیر پر مشتمل پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ان خاندانوں کو باعزت اور پائیدار رہائش فراہم کرنا ہے جو طویل عرصے سے کرائے یا عارضی مکانات میں مقیم ہیں۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ اقدامات مہاجرین کی بحالی، رہائش اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی پالیسی کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہاجرین کو محض عارضی سہارا نہیں بلکہ دیرپا حل فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہاؤسنگ منصوبہ ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر شروع کیا جا رہا ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت سرکاری زمین فراہم کرے گی، جبکہ جہاں زمین دستیاب نہ ہو وہاں قانونی طریقہ کار کے تحت زمین خریدی جائے گی۔ منصوبے کے تحت صنعتی اور زرعی علاقوں کے قریب رہائشی کلسٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ مہاجرین کو روزگار، معاشی سرگرمیوں اور سماجی شمولیت کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر کی باوقار اور مستقل آبادکاری، وسائل کے مؤثر استعمال اور معاشی خود کفالت کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔