تاریخ اشاعت: February 9, 2026 - 11:30 AM
Two Traffic Signals to Be Removed on MAJ Road for Green Line Extension
ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن توسیع منصوبہ، دو سگنلز بند کرنے کا فیصلہ
▫️ کامن کوریڈور ڈیزائن سے مرکزی شاہراہ پر ٹریفک دباؤ اور شہری آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ
کراچی | ری نیوز پاکستان
نمائش چورنگی سے جامع کلاتھ مارکیٹ تک گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ کے کامن کوریڈور کی توسیع کے تحت ایم اے جناح روڈ کے چار میں سے دو ٹریفک سگنلز مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں شہر...
کراچی | ری نیوز پاکستان
نمائش چورنگی سے جامع کلاتھ مارکیٹ تک گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ کے کامن کوریڈور کی توسیع کے تحت ایم اے جناح روڈ کے چار میں سے دو ٹریفک سگنلز مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں شہر کی اس اہم مرکزی شاہراہ پر شدید ٹریفک دباؤ اور آمدورفت میں رکاوٹوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
گرین لائن روٹ کو جامع کلاتھ کے قریب ویری پارک تک بڑھائے جانے کے جاری منصوبے کے تحت تاج کمپلیکس اور ریبٹ سینٹر کے سگنلز ختم کر کے ٹریفک کو براہِ راست ایم اے جناح روڈ پر منتقل کیا جائے گا تاکہ بسوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائی جا سکے۔
بقیہ دو سگنلز کی ٹائمنگ بھی گرین، ریڈ اور یلو لائن بسوں کے شیڈول کے مطابق ترتیب دی جائے گی۔ منصوبہ بندی کے تحت تقریباً ہر ایک منٹ بعد بسوں کو گزرنے کے لیے ترجیحی سگنل دیا جائے گا، جس دوران عام ٹریفک کو روکنا پڑے گا۔ شہری اس نظام سے نجی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو طویل انتظار کا سامنا ہو سکتا ہے۔
مزید برآں، اس حصے میں یو ٹرنز کی تعداد کم کیے جانے سے مقامی ٹریفک اور مارکیٹوں تک رسائی بھی محدود ہو سکتی ہے، جس سے تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ سفر متاثر ہونے کا امکان ہے۔ یہ علاقہ صدر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ اور اطراف کی کاروباری گلیوں کے باعث پہلے ہی شہر کے مصروف ترین زونز میں شمار ہوتا ہے۔
ماہرینِ شہری منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ اگرچہ بی آر ٹی راہداری کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ کو تیز اور مؤثر بنانا ہے، تاہم عام ٹریفک کے بہاؤ، متبادل راستوں اور پارکنگ انتظامات کو متوازن نہ رکھا گیا تو مرکزی شاہراہ پر مستقل نوعیت کے جام کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں اسی روٹ پر ایلیویٹڈ سڑک اور انڈر پاسز کی تجاویز بھی زیر غور آئیں، تاہم مختلف وجوہات اور شہری اعتراضات کے باعث انہیں عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا۔ موجودہ کامن کوریڈور ماڈل اب شہر کے ٹریفک اور لینڈ یوز مینجمنٹ کے لیے ایک بڑا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹریفک نظام میں بہتری کی توقع ہے، تاہم ابتدائی مرحلے میں شہریوں کو متبادل راستوں اور اضافی سفری وقت کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔