تاریخ اشاعت: February 13, 2026 - 12:32 PM
Pakistan Launches EO 2 Earth Observation Satellite, Strengthening Land Intelligence and Spatial Planning Capacity
پاکستان کا EO 2 ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ، زمینی نگرانی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ.
▫️ قدرتی وسائل، زرعی اراضی اور شہری منصوبہ بندی میں ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کی راہ ہموار. ▫️ قدرتی آفات کے نظم و نسق اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں معاونت متوقع
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان پاکستان نے جدید EO 2 ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ کے کامیاب اجراء کے ذریعے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ سیٹلائٹ کو چین کے یانگجیانگ سی شور سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا، جو پاک چی...
پاکستان نے جدید EO 2 ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ کے کامیاب اجراء کے ذریعے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ سیٹلائٹ کو چین کے یانگجیانگ سی شور سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا، جو پاک چین خلائی تعاون کی مضبوطی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی خلائی ادارے سپارکو کے مطابق EO 2 ملک کی ریموٹ سینسنگ اور اعلیٰ معیار کی امیجنگ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ اس کے ذریعے زمین کے استعمال، زرعی سرگرمیوں، شہری اور دیہی پھیلاؤ، آبی وسائل اور قدرتی ذخائر کی نگرانی زیادہ درست اور بروقت انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملک کے لیے جدید ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس ناگزیر اہمیت رکھتے ہیں۔ EO 2 سے حاصل ہونے والا ڈیٹا سیلاب، خشک سالی، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگی نگرانی اور مؤثر ردعمل میں مدد دے گا، جبکہ زمین کی تقسیم اور آبادکاری کے رجحانات کو سمجھنے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی خلائی ٹیکنالوجی اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے کیونکہ یہ زمینی تبدیلیوں کو انسانی مداخلت کے بغیر ریکارڈ کرتی ہے۔ شفاف اور مستند ڈیٹا کی دستیابی سے وسائل کی منصفانہ تقسیم، ترقیاتی منصوبوں کی ترجیح بندی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں آسانی پیدا ہو گی۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے سیٹلائٹ کے کامیاب اجراء پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے سائنسی ترقی اور قومی خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
سپارکو کے مطابق EO 2 نہ صرف پاکستان کی تکنیکی استعداد کی علامت ہے بلکہ یہ ملک کو عالمی معیار کے مطابق ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کی نئی سطح پر لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔