تاریخ اشاعت: November 19, 2025 - 10:03 AM
Lahore’s 1 000 Recharge Wells A Strategic Response to the City’s Groundwater Decline
لاہور میں زیرِ زمین پانی کی بحالی کے لیے 1 ہزار ری چارج ویل تعمیر کرنے کا منصوبہ
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں زیرِ زمین پانی کی تیزی سے گرتی ہوئی سطح کو روکنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے ایک بڑا ماحولیاتی اور شہری ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں 1,000 گراؤنڈ واٹر ری چار...
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں زیرِ زمین پانی کی تیزی سے گرتی ہوئی سطح کو روکنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے ایک بڑا ماحولیاتی اور شہری ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں 1,000 گراؤنڈ واٹر ری چارج ویل تعمیر کیے جائیں گے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ذرائع کے مطابق منصوبے کا پہلا پائلٹ ری چارج ویل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے، جو روزانہ تقریباً 8 ہزار گیلن پانی زمین میں واپس جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فی الحال لاہور میں صرف تین ایسے ری چارج ویل فعال ہیں، تاہم نئی حکمتِ عملی کے تحت ابتدائی مرحلے میں 15 نئے ویل تعمیر کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ان کنوؤں کی تعمیر میں جدید انجینئرنگ تکنیکیں استعمال کی جائیں گی تاکہ بارشوں کا پانی محفوظ ہو کر زیرِ زمین ذخائر تک پہنچ سکے اور شہر کے ڈوبتے ہوئے واٹر ٹیبل میں بہتری لائی جا سکے۔
اس سلسلے میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی (PHA) نے فیصلہ کیا ہے کہ لاہور کے تمام بڑے پارکس میں ری چارج ویل کے لیے باقاعدہ جگہ مختص کی جائے گی۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پارکس میں یہ ویل اس طرح تعمیر کیے جائیں گے کہ موجودہ درختوں، سبزے اور قدرتی ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔
سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بتایا کہ منصوبے میں ماحولیات کے تحفظ اور شہروں میں بارش کے پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔ ان کے مطابق:
“پانی اللہ کی نعمت ہے۔ اسے ضائع ہونے سے بچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس منصوبے کو سنجیدگی اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔”
دوسری جانب WASA پنجاب بھی صوبے بھر میں مزید ری چارج پوائنٹس قائم کرے گی، تاکہ پانی کے ضیاع کو کم کرنے اور زیرِ زمین ذخائر کو رفتار کے ساتھ دوبارہ بھرنے کا عمل مؤثر بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ لاہور کے بڑھتے ہوئے پانی کے بحران سے نمٹنے، بارش کے پانی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے اور پائیدار شہری منصوبہ بندی کو فروغ دینے کے لیے پنجاب حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا عکاس ہے۔