تاریخ اشاعت: April 11, 2026 - 12:40 PM
Reduction in Stamp Duty in Punjab, “Assignable Deed” Granted Legal Status, Governor Issued Notification
پنجاب میں اسٹامپ ڈیوٹی میں بڑی کمی، ’’قابلِ انتقال ڈیڈ‘‘ کو قانونی حیثیت مل گئی، گورنر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
▫️جائیداد کی منتقلی پر ڈیوٹی شہری اور دیہی علاقوں کیلئے یکساں 1 فیصد مقرر کردی گئی
لاہور | ری نیوز پاکستان حکومتِ پنجاب نے اسٹامپ ایکٹ 1899 میں اہم ترامیم کرتے ہوئے اسٹامپ (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد اسٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کے ساتھ ’’قابلِ انتقال ڈیڈ‘‘ (Assign...
حکومتِ پنجاب نے اسٹامپ ایکٹ 1899 میں اہم ترامیم کرتے ہوئے اسٹامپ (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد اسٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کے ساتھ ’’قابلِ انتقال ڈیڈ‘‘ (Assignable Deed) کو پہلی بار باقاعدہ قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ آرڈیننس جمعہ کو غیر معمولی گزٹ کے ذریعے جاری کیا گیا اور فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا۔
یہ آرڈیننس گورنر پنجاب نے آئین کے آرٹیکل 128(1) کے تحت اس وقت جاری کیا جب صوبائی اسمبلی کا اجلاس جاری نہیں تھا، اور حکومت کے مطابق فوری قانون سازی ناگزیر تھی۔
ترمیم کے مطابق ’’قابلِ انتقال ڈیڈ‘‘ سے مراد ایسا معاہدہ ہے جس کے ذریعے کوئی شخص غیر منقولہ جائیداد میں اپنے حقوق یا مفاد کسی دوسرے فرد کو منتقل کرے اور اسے آگے منتقل کرنے کا اختیار بھی دے۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے لین دین پہلے بھی ہوتے تھے مگر انہیں واضح قانونی تحفظ حاصل نہیں تھا۔
آرڈیننس کے تحت شیڈول اوّل میں نیا آرٹیکل 11-AA شامل کیا گیا ہے، جس کے مطابق قابلِ انتقال ڈیڈ پر اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک سال کے اندر منتقلی کی صورت میں جائیداد کی مالیت کا 1 فیصد جبکہ 12 ماہ کے بعد منتقلی پر 2 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بار بار ہونے والی ٹرانزیکشنز کو منظم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں، حکومت نے مختلف شقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کو 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کر دیا ہے، جس کے بعد شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق ختم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل شہری علاقوں میں 1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد ڈیوٹی عائد تھی۔
بتایا گیا ہے کہ ان ترامیم کا مقصد قوانین کو سادہ بنانا، غیر یقینی صورتحال ختم کرنا ، مقدمہ بازی میں کمی لانا اور لین دین کی لاگت کو کم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے جائیداد کے لین دین کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔