تاریخ اشاعت: April 13, 2026 - 10:00 AM
Punjab Decides to Establish Biodiversity Corridors for Environmental Protection
پنجاب میں ماحول کے تحفظ کے لیے بائیو ڈائیورسٹی کوریڈورز کے قیام کا فیصلہ
▫️شہروں میں مقامی درختوں کی شجرکاری اور نئی گرین سپیسز بنانے کی ہدایت
لاہور | ری نیوز پاکستان پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے بائیو ڈائیورسٹی کوریڈورز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے تحت کام کرنے والی ضلعی ایجنسیاں اپنے اپنے شہروں میں ایسے کوریڈورز بنائیں گی تاکہ ماحول ...
پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے بائیو ڈائیورسٹی کوریڈورز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے تحت کام کرنے والی ضلعی ایجنسیاں اپنے اپنے شہروں میں ایسے کوریڈورز بنائیں گی تاکہ ماحول اور قدرتی مساکن کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل راجہ منصور احمد کے مطابق بائیو ڈائیورسٹی کوریڈور دراصل پودوں، باڑوں یا نہ کاٹی گئی زمین کی ایسی پٹیاں ہوتی ہیں جو قدرتی مساکن کے مختلف حصوں کو آپس میں جوڑتی ہیں۔ ان کوریڈورز کے ذریعے جنگلی حیات کو باغات اور پارکوں کے درمیان آزادانہ نقل و حرکت، خوراک کے حصول اور افزائش کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔
اس سلسلے میں تمام ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ مقامی درختوں جیسے شیشم، شہتوت اور برگد کی شجرکاری کو فروغ دیں۔ مزید برآں شہروں میں نئی گرین سپیسز کے قیام پر بھی زور دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت بس سٹاپس کے قریب سایہ دار درخت لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو ماحولیاتی آگاہی مہمات میں شامل کیا جائے گا اور رضاکارانہ شجرکاری مہمات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صوبے میں سموگ اور فضائی آلودگی جیسے مسائل پر قابو پانا اور ایک صحت مند ماحول کو فروغ دینا ہے۔