تاریخ اشاعت: April 13, 2026 - 2:50 PM
Real Estate Sector to Get Fresh Relief in Upcoming Budget, Says Governor Punjab
رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو آئندہ بجٹ میں مزید ریلیف دینے کا امکان ہے، گورنر پنجاب
▫️زمینی حقائق کو سمجھے بغیر بنائی گئی پالیسیاں طویل مدتی نتائج نہیں دے سکتیں، ایل سی سی آ ئی وفد سے گفتگو ، وفد کا لاہور کے صنعتی علاقوں کو انڈسٹریل زون قرار دینے کا مطالبہ
لاہور | ری نیوز پاکستان گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں اس شعبے کو مزید ریلیف فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے یہ بات ...
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں اس شعبے کو مزید ریلیف فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت ایل سی سی آئی کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے کی جبکہ اس میں سینئر کاروباری شخصیات اور ایگزیکٹو ممبران بھی شامل تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پائیدار صنعتی ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب پالیسی سازی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق کو سمجھے بغیر بنائی گئی پالیسیاں طویل مدتی نتائج نہیں دے سکتیں، اس لیے موجودہ حکومت مشاورت اور شراکت داری پر مبنی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود سرمایہ کاری جاری رکھنے پر کاروباری برادری کو خراج تحسین پیش کیا اور اسے حب الوطنی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور ان کے تحفظات متعلقہ اداروں تک پہنچائے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران ایل سی سی آئی کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل پر فوری ردعمل حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیروزپور روڈ اور رائیونڈ روڈ پر قائم صنعتی یونٹس بلند کمرشلائزیشن فیس اور انتظامی رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں کو باضابطہ طور پر انڈسٹریل زون قرار دیا جائے اور فیسوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کو برقرار رکھا جا سکے۔
ایل سی سی آئی کے صدر نے انڈسٹریل ری لوکیشن پلان پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کو اس عمل میں مکمل طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پالیسی صنعتکاروں کے اعتماد اور مشاورت کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی، اس لیے فیصلے باہمی مشاورت سے اور عملی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں۔
گورنر پنجاب نے اس موقع پر شہر سے صنعتی یونٹس کی منتقلی کو ایک مشکل مگر ضروری عمل قرار دیا، تاہم کہا کہ اسے بتدریج اور مشاورت کے ساتھ نافذ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو متبادل زمین، بنیادی ڈھانچہ اور مالی مراعات فراہم کرنی چاہئیں تاکہ کسی قسم کی معاشی یا سماجی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی بحالی سے درجنوں دیگر صنعتوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بہتری کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں اور آئندہ بجٹ میں مزید مثبت اقدامات متوقع ہیں۔