تاریخ اشاعت: April 14, 2026 - 12:00 PM
Government Moves to Expand Housing Finance, Targets Banks to Boost Construction Investment
حکومت کا ہاؤسنگ فنانس میں توسیع کا فیصلہ، تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے بینکوں کو اہداف دینے کی تیاری
▫️وزیراعظم کا تعمیراتی شعبے کی بحالی کیلئے قانونی اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری پر زور
لاہور | ری نیوز پاکستان وفاقی حکومت نے ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے کی بحالی کیلئے فنانسنگ میں توسیع، قانونی اصلاحات میں تیزی، اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سمیت اوورسیز پاکستانیوں کو راغب کرنے کیلئے جامع اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ وزیراعظم ش...
وفاقی حکومت نے ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے کی بحالی کیلئے فنانسنگ میں توسیع، قانونی اصلاحات میں تیزی، اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سمیت اوورسیز پاکستانیوں کو راغب کرنے کیلئے جامع اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں تعمیراتی و ہاؤسنگ سیکٹر ٹاسک فورس اور متعلقہ ورکنگ گروپس کی تجاویز اور پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں منظور شدہ اقدامات پر عملدرآمد کی رفتار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ اقدامات ملکی ہاؤسنگ مارکیٹ کی وسیع صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
حکومت کے منصوبے کا ایک اہم پہلو کمرشل بینکوں کیلئے ہاؤسنگ فنانس کے اہداف مقرر کرنا ہے، جس کے ذریعے ملک بھر میں گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کی فراہمی کو بڑھایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی شعبے میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے قانونی اصلاحات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی اسکیم پہلے ہی متعارف کرائی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں اس میں مزید توسیع کی جائے گی۔ اسی دوران ملک میں ایک جامع مارگیج فنانس سسٹم کی تیاری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ طویل المدتی بنیادوں پر ہاؤسنگ سیکٹر کو مستحکم کیا جا سکے۔
مزید برآں، رہائشی تعمیراتی منصوبوں کیلئے ڈیولپر لیڈ فنانسنگ کا ایک مربوط نظام بھی تشکیل دیا جا رہا ہے، جس سے بلڈرز اور ڈویلپرز کو بڑے منصوبوں کیلئے فنڈنگ تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر شہری کو اپنا گھر رکھنے کا حق حاصل ہے اور اس مقصد کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ اس شعبے کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت ایک محفوظ اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری نہ صرف معیشت کو فروغ دے گی بلکہ لاکھوں نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ اس شعبے کی ترقی کیلئے ایک جامع اور قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔
حکومت آئندہ چند ہفتوں میں ان اقدامات کو حتمی شکل دے کر ان پر عملدرآمد شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے ملک کے اہم ترین معاشی شعبوں میں نئی جان ڈالنے کی توقع ہے۔