تاریخ اشاعت: April 17, 2026 - 1:15 PM
Lahore/Rawalpindi Fast Train Project: MoU Signed, New Track to Cost Rs350 Billion
لاہور راولپنڈی فاسٹ ٹرین منصوبہ: مفاہمتی یادداشت پر دستخط، نئے ٹریک پر 350 ارب روپے لاگت کا تخمینہ
▫️سفر صرف 2 گھنٹے 15 منٹ میں مکمل ہوگا، مجموعی طور پر 1,415 کلومیٹر پر مشتمل نیٹ ورک کے تحت 20 ریجنز اور 8 اہم لوکل روٹس پر جدید ٹرینیں چلائی جائیں گی
لاہور | ری نیوز پاکستان پنجاب حکومت اور پاکستان ریلوے نے صوبے میں ریلوے نظام کی جدید کاری اور عوامی سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان فاسٹ ٹرین چلانے سمیت متعدد منصوبوں پر مفاہمتی...
پنجاب حکومت اور پاکستان ریلوے نے صوبے میں ریلوے نظام کی جدید کاری اور عوامی سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان فاسٹ ٹرین چلانے سمیت متعدد منصوبوں پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے۔
یہ معاہدہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے درمیان طے پایا، جس کے تحت ملک کی پہلی تیز رفتار ٹرین سروس لاہور سے راولپنڈی کے درمیان متعارف کرائی جائے گی۔ منصوبے کے مطابق تقریباً 280 کلومیٹر کا سفر محض 2 گھنٹے اور 15 منٹ میں طے کیا جائے گا، جس کے لیے نئی ریلوے ٹریک بچھائی جائے گی اور اس پر تقریباً 350 ارب روپے لاگت آئے گی۔
اس بڑے منصوبے کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں ریلوے کے مقامی اور علاقائی نظام کو بھی وسعت دی جائے گی۔ مجموعی طور پر 1,415 کلومیٹر پر مشتمل نیٹ ورک کے تحت 20 ریجنز اور 8 اہم لوکل روٹس پر جدید ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ان روٹس میں شاہدرہ تا نارووال و سیالکوٹ، رائیونڈ، قصور، پاکپتن تا لودھراں، شیخوپورہ، جڑانوالہ تا شورکوٹ، لالہ موسیٰ تا سرگودھا، فیصل آباد تا شاہین آباد اور کوٹ ادو سے کشمور تک بین الصوبائی روٹ شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت جدید ڈیزل ملٹی پل یونٹ (DMU) ٹرینیں چلائی جائیں گی، جبکہ نئے انجن اور جدید مسافر بوگیاں بھی شامل کی جائیں گی تاکہ سفری معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے مطابق اس منصوبے سے ملک بھر میں تقریباً 9 کروڑ مسافروں کو فائدہ پہنچے گا اور یہ پاکستان ریلوے کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ریلوے کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے 9 مقامی ریلوے روٹس کی اپ گریڈیشن کے لیے 45 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا اور سموگ پر قابو پانا ہے۔
انفراسٹرکچر کی بہتری کے تحت لاہور ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش، عالمی معیار کی پارکنگ سہولیات اور جدید خودکار سیفٹی سسٹمز کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہیں تاکہ حادثات میں کمی اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
ماحولیاتی بہتری کے لیے ریلوے ٹریکس کے اطراف 4 لاکھ سے زائد درخت لگانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جبکہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک 40 کلومیٹر طویل گرین کوریڈور تیار کیا جا رہا ہے، جو ایک ماحول دوست اور جدید ریلوے نظام کی بنیاد رکھے گا۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں ریلوے کے نظام میں ایک بڑی تبدیلی لائے گا اور عوام کو تیز، محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرے گا۔