تاریخ اشاعت: April 17, 2026 - 6:15 PM
Lahore High Court Upholds Monetization Policy, Ends Free Electricity Units for Officers of DISCOs Including LESCO
لاہور ہائیکورٹ: لیسکو سمیت بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت یونٹس ختم، مونیٹائزیشن پالیسی برقرار
▫️مفت بجلی مستقل حق نہیں، حکومت پالیسی کے تحت مراعات تبدیل کر سکتی ہے: عدالت
لاہور | ری نیوز پاکستان لاہور ہائیکورٹ نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی یونٹس دینے سے متعلق اہم کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکومتی پالیسی کو برقرار رکھا ہے۔ عدالت نے جیپکو انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کی درخواست مسترد ک...
لاہور ہائیکورٹ نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی یونٹس دینے سے متعلق اہم کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکومتی پالیسی کو برقرار رکھا ہے۔ عدالت نے جیپکو انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 5 دسمبر 2023 کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دیا، جس کے تحت بی پی ایس 17 اور اس سے اوپر کے افسران کیلئے مفت بجلی یونٹس کو مونیٹائز کر دیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ مفت بجلی یونٹس کوئی مستقل یا قانونی حق نہیں بلکہ ایک مراعاتی سہولت تھی، جسے حکومت انتظامی پالیسی کے تحت تبدیل یا ختم کر سکتی ہے۔ درخواست گزار یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ یہ سہولت ان کی تنخواہ کا باقاعدہ حصہ ہے یا کسی قانون کے تحت ان کا حق بنتی ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ایسی مراعات اس وقت تک سروس کنڈیشنز کا حصہ نہیں بنتیں جب تک انہیں قانونی حیثیت حاصل نہ ہو۔ عدالت کے مطابق اس معاملے میں کسی بنیادی حق کی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوئی اور یہ آجر اور اجیر کے تعلق کا حصہ ہے۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ مختلف گریڈز کیلئے الگ پالیسی بنانا امتیازی سلوک نہیں کیونکہ بی پی ایس 17 اور اس سے اوپر افسران کا کیڈر الگ ہوتا ہے۔
پاور ڈویژن کی پالیسی کو معقول اور مالی طور پر درست قرار دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ پاور سیکٹر کو مالی مشکلات اور سرکلر ڈیٹ جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، اس لیے مونیٹائزیشن جیسے اقدامات ضروری ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملازمین کی سہولت ختم نہیں کی گئی بلکہ اسے نقد رقم کی صورت میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی تنخواہ پر کسی منفی اثر کے شواہد بھی سامنے نہیں آئے۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ پالیسی معاملات میں عدالتی مداخلت محدود ہوتی ہے اور جب تک کوئی پالیسی غیر قانونی یا بدنیتی پر مبنی نہ ہو، اسے برقرار رکھا جاتا ہے۔
جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جبکہ وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ملک تنویر احمد اعوان نے عدالت کی معاونت کی۔