تاریخ اشاعت: April 21, 2026 - 5:40 PM
Lahore High Court Orders Strict Environmental Compliance in Development Projects
لاہور ہائیکورٹ کا ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کا حکم
▫️شیرانوالہ اور ٹیکسالی گیٹ منصوبوں سے حکمِ امتناعی ختم، ترقیاتی منصوبے اب نئے منظور شدہ ریگولیشنز 2026 کے تحت آگے بڑھائے جا سکتے ہیں، عدالت کی آ بزرویشن
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے شیرانوالہ اور ٹیکسالی گیٹ منصوبوں پر عائد حکمِ امتناعی واپس لے لیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ متعلقہ ترقیاتی منصوبے اب نئے منظور شدہ ریگولیشنز 2026 کے تحت آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔
عدالت نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی بھی ختم کر دی، تاہم اس بات پر زور دیا کہ تمام قانونی اور ماحولیاتی تقاضوں کی مکمل پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
تحریری حکم میں پی ایچ اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے آغاز سے قبل تمام ضروری قانونی اور ماحولیاتی شرائط پوری کی جائیں۔ عدالت نے درختوں کی کٹائی کو سخت ضابطوں کے تابع کرنے اور ری پلانٹیشن کو متعلقہ قوانین کے مطابق یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
مزید برآں، عدالت نے کمیشن کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی کریں تاکہ ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی نہ ہو۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ترقیاتی کام جاری رہ سکتے ہیں، مگر ماحولیاتی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔