تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 1:00 PM
Approval Granted for Establishment of Public Private Partnership Authority to Accelerate Development Projects
ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے قیام کی منظوری
▫️وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، نیا ادارہ نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گا
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی ہی پی ) اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
منگل کے روز وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے موجودہ نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور اس کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لائی جائے گی۔ مجوزہ اتھارٹی نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت بھی کی تاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے منصوبوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پی پی پی کے تحت منصوبوں کی تکمیل کو سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے کے نظام (KPIs) کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیا جا سکے۔