تاریخ اشاعت: April 25, 2026 - 9:33 AM
“Apna Khet Apna Rozgar Scheme” Government Announces Land Allocation Along With Grants Ranging from Rs 50,000 to Rs 250,000
"اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم" حکومت کی جانب سے زمین کے ساتھ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک گرانٹ دینے کا اعلان
▫️پروگرام مریم نواز کا فلیگ شپ منصوبہ ، زرعی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، عظمیٰ بخاری
پنجاب حکومت نے بے روزگار اور بے زمین افراد کی فلاح کیلئے "اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم" کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانا اور زرعی شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت اس سے قبل "اپنی چھت اپنا گھر" اور بے گھر افراد میں مفت پلاٹس کی تقسیم جیسے منصوبے بھی متعارف کرا چکی ہے، جبکہ نئی سکیم کے ذریعے زرعی میدان میں خود کفالت کو فروغ دیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار بھی ملے گا۔ حکومت بے زمین دیہاتیوں کو زمین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک مالی معاونت بھی دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر 160 ارب روپے مالیت کی اراضی تقسیم کی جا رہی ہے، جسے صرف کاشتکاری کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت کسانوں کی سہولت کیلئے کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر اور ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جیسے اقدامات بھی کر چکی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کو اپنی اولین ترجیح دے رہی ہیں۔