تاریخ اشاعت: April 27, 2026 - 11:40 AM
Major operation in Islamabad: 612 Acres of State Land Worth Billions Reclaimed
اسلام آباد میں بڑا آپریشن، اربوں مالیت کی 612 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار
▫️آپریشن 6 ماہ سے زائد عرصہ جاری رہا، کارروائی میں 3,500 گھرانوں کی منتقلی عمل میں آ ئی، ہزاروں غیر قانونی تعمیرات ختم کر دی گئیں
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نورپور شاہان کے علاقے میں ایک بڑے پیمانے پر آپریشن مکمل کرتے ہوئے تقریباً 612 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرا لی ہے، جس کی مالیت اربوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ آپریشن چھ ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہا، جس کے دوران تقریباً 3,500 گھرانوں کو منتقل کیا گیا اور طویل عرصے سے قائم غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ کیا گیا۔ سی ڈی اے کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین دراصل 2,146 ایکڑ کے مجموعی رقبے کا حصہ ہے، جو 1960 کی دہائی میں دارالحکومت کی ترقی کے لیے حاصل کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق اس کارروائی کی قانونی بنیاد 1961، 1963 اور 1964 میں جاری کیے گئے سرکاری ایوارڈز پر ہے۔ اُس وقت کے معاوضہ نظام کے تحت متاثرہ مالکان کو مختلف مراعات دی گئی تھیں، جن میں پنجاب میں زرعی زمین کی الاٹمنٹ بھی شامل تھی۔
ریکارڈ کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں تقریباً 4,900 کنال زمین الاٹ کی گئی، 357 متاثرین کو اہلیت سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آ ئی نائن میں 200 سے زائد رہائشی پلاٹس فراہم کیے گئے۔ مزید برآں، تعمیر شدہ جائیداد کے دعووں کی مد میں تقریباً 800 خاندانوں کو 31 لاکھ 28 ہزار روپے ادا کیے گئے۔
یہ آپریشن مرحلہ وار انداز میں 2025 کے اواخر میں شروع کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں مسلم کالونی میں نومبر سے دسمبر کے دوران تقریباً 2,200 مکانات مسمار کیے گئے۔ دوسرے مرحلے میں جنوری سے فروری 2026 کے دوران مختلف محلوں میں ایک ہزار سے زائد یونٹس خالی کرائے گئے۔
آخری مرحلہ اپریل 2026 کے وسط میں مکمل ہوا، جب عدالت کی جانب سے حکم امتناع ختم ہونے کے بعد نوری باغ میں باقی ماندہ 70 مکانات اور 35 دکانیں بھی گرا دی گئیں۔
سی ڈی اے حکام نے واضح کیا کہ کارروائی صرف اُن علاقوں میں کی گئی جو نوٹیفائیڈ نورپور شاہان ماڈل ویلج کی حدود سے باہر تھے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ تجاوزات کچی آبادیوں سے بڑھ کر باقاعدہ تجارتی سرگرمیوں میں تبدیل ہو چکی تھیں، جہاں بعض افراد نے فارم ہاؤسز، کرائے کی عمارتیں اور گودام قائم کر رکھے تھے۔
اتھارٹی نے ایسے عناصر کے خلاف مقدمات درج کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جو منظم تجاوزات اور غیر قانونی کمرشل استعمال میں ملوث پائے گئے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ مکمل آپریشن قانونی تقاضوں کے مطابق کیا گیا، جس میں پیشگی نوٹسز اور سماعت کے مواقع فراہم کیے گئے۔ 19 جنوری 2026 کے حکم میں ان قبضوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا، جسے عدالت میں چیلنج نہیں کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس قیمتی سرکاری زمین کی واگزاری سے اسے اصل منصوبہ بندی کے مطابق عوامی مفاد میں استعمال کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔