تاریخ اشاعت: April 28, 2026 - 11:00 AM
Community Development Housing Project Launched for Low Income Families; Construction of Over 1,600 Houses to Begin This Year
کم آمدن طبقے کیلئے سستی رہائش کا کمیونٹی ڈویلپمنٹ منصوبہ شروع ، 1600 سے زائد گھروں کی تعمیر رواں سال شروع ہو گی
▫️منصوبے کا آغاز فیصل آباد اور خانیوال سے ہوگا، باقاعدہ پلان ترتیب دے دیا گیا، صوبائی وزیر ہاؤسنگ کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ
پنجاب حکومت نے کم آمدن والے خاندانوں کو سستی رہائش فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کمیونٹی ڈویلپمنٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام محمد عبداللہ نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد اور خانیوال میں منصوبہ شروع کرنے کیلئے باقاعدہ پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت رواں سال 1600 سے زائد گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا، جنہیں کم آمدن والے افراد کو آسان اور کم اقساط پر فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے میں رہائشی سہولیات کے ساتھ ساتھ سکول، مساجد، بنیادی انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری سہولتیں بھی شامل ہوں گی تاکہ ایک مکمل اور معیاری کمیونٹی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مزید بتایا گیا کہ فیصل آباد اور خانیوال میں مجموعی طور پر 215 کنال سے زائد سرکاری زمین پر یہ رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ مستحق خاندانوں کو گھروں کی فراہمی کیلئے حکومتی سبسڈی بھی دی جائے گی۔
بلال یاسین نے کہا کہ "اپنی زمین، اپنا گھر" پروگرام کے تحت اب تک تقریباً دو ہزار خاندانوں کو مفت پلاٹس فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال سے قبل ان منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ کم آمدن طبقے کو سستی رہائش کی فراہمی اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری کیلئے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔