تاریخ اشاعت: April 30, 2026 - 11:45 AM
Housing Finance Package Launched Under “Prime Minister’s Apna Ghar Program”; Homeownership Possible with Monthly Installments Starting from Rs 16,500
“وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت ہاؤسنگ فنانس پیکج متعارف ، گھر کی ملکیت کیلئے کم از کم 16,500 روپے ماہانہ قسط مقرر
▫️کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کو 10 سالہ فکسڈ مارک اپ کے ساتھ 2.5 ملین سے 10 ملین روپے تک قرضے کی سہولت حاصل ہوگی
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں گھروں کی ملکیت کے مواقع بڑھانے کے لیے “وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت ایک نیا ہاؤسنگ فنانس پیکج متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہری کم از کم 16,500 روپے ماہانہ قسط پر گھر حاصل کر سکیں گے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اس پروگرام کے تحت اہل افراد کو 20 سال کی مدت کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 ملین روپے تک کا ہاؤسنگ قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس سکیم کے تحت قرض کی مختلف اقسام رکھی گئی ہیں، جن میں 2.5 ملین، 5 ملین، 7.5 ملین اور 10 ملین روپے کے پیکیجز شامل ہیں، تاکہ درخواست دہندگان اپنی آمدنی اور ادائیگی کی صلاحیت کے مطابق انتخاب کر سکیں۔
اس پروگرام کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ ابتدائی 10 سال کے لیے قرض پر صرف 5 فیصد فکس مارک اپ لاگو ہوگا، جبکہ اس مدت کے بعد باقی مدت کیلئے شرح سود مارکیٹ ریٹ کے مطابق ہوگی۔
حکومتی تخمینے کے مطابق اس سکیم کے تحت ماہانہ اقساط 16,499 روپے سے شروع ہو کر 10 ملین روپے کے قرض پر تقریباً 65,996 روپے تک ہوں گی، جس سے شہریوں کو طویل المدتی اور قابلِ پیش گوئی ادائیگی کا موقع ملے گا۔
پہلی بار گھر خریدنے والوں کیلئے خصوصی سکیم، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شفاف اور آسان درخواست کا عمل “اپنا گھر پروگرام” خصوصی طور پر پہلی بار گھر خریدنے والے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ درخواست دہندہ کے پاس قومی شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہے اور اس کے پاس پہلے سے کوئی رہائشی ملکیت نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ زیادہ قرض میں جکڑے افراد اس سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
اس پروگرام کے تحت صرف گھر خریدنا ہی نہیں بلکہ مختلف رہائشی ضروریات بھی پوری کی جا سکیں گی۔ اہل افراد 10 مرلہ پلاٹ لے کر تعمیر کر سکتے ہیں، 10 مرلہ تیار گھر خرید سکتے ہیں یا 1500 مربع فٹ تک کا اپارٹمنٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
حکومت اس سکیم کے تحت جائیداد کی مجموعی قیمت کا 90 فیصد تک قرض فراہم کرے گی، جبکہ باقی 10 فیصد رقم درخواست دہندہ کو خود ادا کرنا ہوگی۔
قرضے اسلامی بینکوں، کمرشل بینکوں، مائیکروفنانس اداروں اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ درخواست دہندگان سے کسی قسم کی پراسیسنگ فیس یا پیشگی ادائیگی نہیں لی جائے گی۔
درخواستوں کا مکمل نظام ڈیجیٹل ہوگا، جو وزارت خزانہ کے زیر انتظام آن لائن پورٹل کے ذریعے چلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے منتخب بینک برانچز میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے۔
حکومتی حکام کے مطابق مکمل درخواست جمع ہونے کے بعد ایک ماہ کے اندر قرض کی منظوری متوقع ہے۔
اس پروگرام کی نگرانی سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر کریں گے تاکہ شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔