تاریخ اشاعت: April 30, 2026 - 4:00 PM
Europe Eyes Strategic Stake in Pakistan’s Reko Diq as Global Interest in Critical Minerals Grows
یورپ کی ریکوڈک میں سٹریٹجک پارٹنرشپ کی خواہش، اہم معدنیات تک رسائی کیلئے عالمی دلچسپی میں اضافہ
▫️یورپی انویسٹمنٹ بینک کا بنیادی ڈھانچے کی مالی معاونت اور معدنیات کی فراہمی میں حصہ لینے کا عندیہ
پاکستان کے وسیع ریکوڈک تانبہ اور سونے کے منصوبے میں بین الاقوامی دلچسپی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جہاں یورپی یونین کے مالیاتی ادارے، یورپی انویسٹمنٹ بینک (EIB)، نے اہم معدنیات تک رسائی کے حصول کیلئے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جو یورپ کی گرین اور ڈیجیٹل معیشت کیلئے ناگزیر سمجھی جاتی ہیں۔
یورپی یونین پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل منرلز نواز احمد ورک نے وضاحت کی کہ منصوبے کی 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے حوالے سے گردش کرنے والے اندازے “انتہائی مبالغہ آمیز” ہیں اور تفصیلی ارضیاتی جائزوں پر مبنی نہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریکوڈک دنیا کے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبہ و سونے کے ذخائر میں شمار ہوتا ہے اور اس میں طویل المدتی اقتصادی امکانات موجود ہیں۔
ای آئی بی کے نمائندے مارکو ایرینا نے بتایا کہ ادارہ اس منصوبے سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مالی معاونت پر غور کر رہا ہے۔ ان کے مطابق بینک اس بات میں بھی دلچسپی رکھتا ہے کہ اہم معدنیات کی پیداوار میں حصہ حاصل کیا جائے، تاکہ یورپ میں قابل تجدید توانائی اور ڈیجیٹل صنعتوں کیلئے خام مال کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان نے متعدد مالیاتی مراعات متعارف کرائی ہیں، جن میں ترقیاتی مرحلے کے دوران انکم ٹیکس سے استثنا بھی شامل ہے۔ تاہم منصوبے سے وابستہ ٹھیکیداروں نے سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت توانائی اور وزارت خزانہ کے درمیان مشاورت جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر پیداوار کے آغاز تک ان ٹیکسز کو مؤخر کیا جا سکے۔
دوسری جانب، ریکوڈک منصوبہ کئی چیلنجز سے بھی دوچار ہے۔ منصوبے کی مرکزی کمپنی بیرک گولڈ نے حال ہی میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار سست کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ 2027 کے وسط تک منصوبے کا جائزہ جاری رکھے گی، جس میں سکیورٹی، مالیاتی حالات اور سرمایہ کاری کی ضروریات جیسے عوامل کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ابتدائی تخمینوں کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے پر 5.6 سے 6 ارب ڈالر لاگت آئے گی، جبکہ دوسرے مرحلے کیلئے مزید 3.3 سے 3.6 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ موجودہ منصوبہ بندی کے تحت پیداوار کا آغاز 2028 کے اختتام تک متوقع ہے، تاہم حالات کے مطابق اس ٹائم لائن میں ردوبدل ممکن ہے۔
عالمی سطح پر اہم معدنیات کے حصول کیلئے بڑھتے ہوئے مقابلے کے تناظر میں ریکوڈک نہ صرف پاکستان کی معیشت کیلئے ایک کلیدی اثاثہ بنتا جا رہا ہے بلکہ بین الاقوامی شراکت داروں کیلئے بھی سپلائی چین کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔