تاریخ اشاعت: April 30, 2026 - 6:00 PM
Maryam Nawaz announces Rs 23 Billion Mega Development Package for 'Katcha' Areas
مریم نواز نے کچہ کے علاقے کیلئے 23 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیا
▫️“اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کا آغاز، 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو دینے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچہ کے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے 23 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچہ کے علاقوں کو بھی صوبے کے دیگر حصوں کے برابر ترقی دی جائے گی اور یہاں کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کے آغاز کی ہدایت دیتے ہوئے 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کچہ کے علاقے میں کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، اور اب اسے مکمل طور پر محفوظ اور مثالی خطہ بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
ترقیاتی منصوبے کے تحت سکولوں، ہسپتالوں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کی جائے گی، جبکہ ٹرانسپورٹ سہولیات کے ساتھ کلینک آن ویلز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ مزید برآں موبائل ویٹرنری ہسپتال اور لیبارٹریز کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سکیورٹی کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے سولر انرجی سے چلنے والے جدید ڈرونز کے ذریعے نگرانی کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ بکتر بند گاڑیوں اور پولیس وینز میں کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔
تعلیمی شعبے میں 6 ہزار 551 طالبات کو سکول میل ملک پیک فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 300 طلبہ کو ہونہار سکالرشپس اور 300 کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 65 سکولوں کی تعمیر، بحالی اور اپ گریڈیشن کے ساتھ 16 نئے سکول اور دو گرلز کالجز قائم کیے جائیں گے۔
انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 108 کلومیٹر سولنگ اور 144 کلومیٹر پر مشتمل 27 سڑکوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مثالی گاؤں، سیوریج ، ڈرینج اور سپورٹس منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا، جبکہ 125 ملین روپے کی لاگت سے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کچہ میں نادرا رجسٹریشن کے آغاز، شناختی کارڈ اور ب فارم کے اجرا، اور سکیورٹی اہلکاروں کیلئے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری بھی دی۔ غیر قانونی اسلحہ کی واپسی کیلئے خصوصی منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے جس کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی، جبکہ اسلحہ واپس کرنے والوں کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں کے اطراف لمبی فصلوں کی کاشت پر پابندی عائد کی جائے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کچہ کے عوام کو ترقی، تحفظ اور باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس خطے کو ایک پُرامن اور خوشحال علاقے میں تبدیل کیا جائے گا۔