تاریخ اشاعت: May 2, 2026 - 10:50 AM
Design of Gujranwala Mass Transit Project Approved, Paving the Way for a Modern Transport System
گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کا ڈیزائن منظور، جدید سفری نظام کی راہ ہموار
▫️31.5 کلومیٹر طویل روٹ پر 24 سٹیشنز قائم ہوں گے، انڈرگراؤنڈ ٹریک اور ٹنلز کی بھی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے تحت شہر میں ایک جدید، مربوط اور عالمی معیار کا ٹرانسپورٹ نظام قائم کیا جائے گا۔
اس اہم فیصلے کا اعلان وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شہریوں کو بہتر، محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ کے تمام علاقوں کو فیڈر بسوں کے ذریعے ماس ٹرانزٹ نظام سے منسلک کیا جائے، تاکہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو سہولت میسر آئے۔
منصوبے کے تحت گکھڑ سے ایمن آباد تک تقریباً 31.5 کلومیٹر طویل روٹ پر ماس ٹرانزٹ سسٹم تعمیر کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 24 سٹیشنز قائم ہوں گے۔ ان میں سے 2 سٹیشنز انڈرگراؤنڈ ہوں گے، جبکہ 17 سے 19 کلومیٹر طویل ٹریک کو زیر زمین گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے دو جدید ٹنل سیکشنز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
مزید برآں، گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا کے علاقوں میں ڈپو قائم کیے جائیں گے، جبکہ منصوبے کے دونوں اطراف 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر بھی شامل ہے، تاکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
منصوبے کی مؤثر نگرانی اور آپریشن کے لیے ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، جہاں سے پورے نظام کو مانیٹر کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس بڑے منصوبے کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا ٹرانسپورٹ کلچر یکسر تبدیل ہو جائے گا اور شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرانوالہ کے عوام کو ایک جدید اور شاندار ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا، جو شہر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔