تاریخ اشاعت: May 2, 2026 - 11:15 AM
Work Commences on 2,500 Acre Faisalabad Greenfield International Airport Project
2500 ایکڑ پر محیط فیصل آباد گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے پر عملی کام کا آغاز کردیا گیا
▫️پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایک جامع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کر چکی ہے
فیصل آباد میں مجوزہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے پر عملی کام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے کے ترقیاتی فریم ورک اور عملدرآمد کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
یہ منصوبہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ ایوی ایشن کنسلٹنسی فرم DAR Al-Handasah اور اس کے مقامی شراکت دار OCL-Asian کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کا مقصد ایک جدید، مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور عالمی معیار کے مطابق ایئرپورٹ کا قیام ہے۔
اجلاس کی صدارت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انجینئر سمیر سعید نے کی۔ اجلاس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ، ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، بزنس کمیونٹی، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، کسٹمز، پولیس، ضلعی انتظامیہ، ایوی ایشن شعبے کے نمائندگان اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے انجینئر سمیر سعید نے کہا کہ گرین فیلڈ ایئرپورٹ منصوبہ فیصل آباد، خطے اور قومی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے تقریباً 2,000 سے 2,500 ایکڑ اراضی درکار ہوگی اور اسے مستقبل میں بڑھتی ہوئی فضائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جس کے ذریعے عالمی معیار کی ایوی ایشن سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ ان کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایک جامع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کر چکی ہے۔
اجلاس کے دوران DAR Al-Handasah کے ماہرین نے منصوبے کا ابتدائی خاکہ پیش کیا، جس میں نو مراحل پر مشتمل ترقیاتی پلان شامل ہے۔ ان مراحل میں ڈیٹا کلیکشن، تکنیکی جائزہ، ماسٹر پلاننگ، ماحولیاتی و معاشی تجزیہ، ڈیزائن کی تیاری، جائزہ اور حتمی سفارشات شامل ہیں۔
کنسلٹنٹس نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کے ہر مرحلے میں پائیداری، عالمی معیار کی پاسداری اور طویل المدتی ضروریات کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔
اجلاس کے شرکاء نے اس منصوبے کو فیصل آباد کی صنعتی، تجارتی اور سماجی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا ایئرپورٹ برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، سیاحت کے امکانات میں بہتری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عالمی روابط کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ماہرین نے مزید کہا کہ گرین فیلڈ ایئرپورٹ سنٹرل پنجاب کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، جو نہ صرف فیصل آباد بلکہ گرد و نواح کے اضلاع کو بھی جدید فضائی سفری سہولیات فراہم کرے گا اور وسیع پیمانے پر علاقائی ترقی کا باعث بنے گا۔