تاریخ اشاعت: May 4, 2026 - 1:15 PM
Government Decides to Pay Original Price to Owners of One Constitution Avenue Apartments
حکومت کا ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس مالکان کو اصل قیمت ادا کرنے کا فیصلہ
▫️وزیراعظم کی منظوری کے بعد حتمی اعلان متوقع، وفاقی کمیٹی 8 مئی کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی
حکومت نے اسلام آباد کے معروف ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو (ٹون ٹاور) کے اپارٹمنٹس مالکان کو ان کی اصل ادا شدہ قیمت واپس کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ کمیٹی کے کنوینر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہوں گے، جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور سیکرٹری تجارت اس کے ممبران میں شامل ہیں۔
کمیٹی کو ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے قانونی، انتظامی اور عدالتی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کمیٹی تمام متعلقہ کیسز کا جائزہ لے گی، متاثرہ اپارٹمنٹ مالکان کے بیانات ریکارڈ کرے گی اور ان کا مؤقف سنے گی۔ اس کے علاوہ کمیٹی متاثرین کی شکایات کے ازالے، عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور معاملے کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے لائحہ عمل تجویز کرے گی۔
کمیٹی 8 مئی کو اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے حتمی فیصلے تک سی ڈی اے، پولیس یا ضلعی انتظامیہ کو مکینوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سی ڈی اے نے 2005 میں بی این پی گروپ کو اسلام آباد میں 13.5 ایکڑ زمین ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے منصوبے کے لیے الاٹ کی تھی۔ بی این پی کمپنی نے یہ لیز 4.8 ارب روپے میں حاصل کی۔ سی ڈی اے نے 15 فیصد ادائیگی کے بعد کمپنی کو تعمیراتی کام شروع کرنے کی اجازت دی، تاہم بعد ازاں کمپنی کی جانب سے مکمل ادائیگی نہ کی گئی اور واجبات کی ری شیڈولنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
معاملہ عدالتوں تک پہنچا اور 2019 میں سپریم کورٹ نے لیز بحالی کے لیے بی این پی گروپ کو 17.5 ارب روپے ادا کرنے کا حکم دیا۔ تاہم اطلاعات کے مطابق کمپنی اب تک صرف 2.9 ارب روپے جمع کرا سکی ہے اور تقریباً 14.5 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔ اسی بنیاد پر 2023 میں اس کی لیز ختم کر دی گئی تھی۔
حکام کے مطابق ادائیگیوں کے تنازع کے علاوہ بی این پی گروپ نے معاہدے کے برعکس منصوبے میں 263 اپارٹمنٹس تعمیر کیے۔ سی ڈی اے کی جانب سے عمارت کے باہر پہلے ہی نوٹس آویزاں کیے گئے تھے جن میں خریداروں کو خبردار کیا گیا تھا کہ متنازعہ عمارت میں فلیٹس خریدنے والے افراد نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ اس کے باوجود اپارٹمنٹس کی خرید و فروخت جاری رہی۔
دستیاب معلومات کے مطابق 263 اپارٹمنٹس میں سے صرف 69 میں لوگ رہائش پذیر ہیں، جبکہ باقی 194 اپارٹمنٹس پراپرٹی سرمایہ کاروں کے زیر استعمال یا خرید و فروخت کے عمل کا حصہ ہیں۔ رہائشی اپارٹمنٹس کے بارے میں بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان میں سے صرف محدود تعداد اصل رہائشی استعمال میں ہے، جبکہ بڑی تعداد مختصر مدت کے کرایے یا سروسڈ اپارٹمنٹس کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر سی ڈی اے کا عملہ اسلام آباد پولیس کے ہمراہ ان فلیٹس پر پہنچا تھا اور متعلقہ افراد کو عدالتی حکم کے مطابق سات روز کا نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ فلیٹس خالی کریں۔
اگرچہ سی ڈی اے نے ماضی میں خریداروں کو اس منصوبے کی متنازعہ حیثیت سے متعلق خبردار کیا تھا، تاہم حکومت نے متاثرہ مالکان کے نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اصل قیمت ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حتمی پالیسی وزیراعظم کی منظوری اور کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔