تاریخ اشاعت: May 5, 2026 - 10:10 AM
Rs 305 Billion Punjab Development Plan: Work Ordered to Be Accelerated in 52 Cities
305 ارب روپے کا پنجاب ڈویلپمنٹ پلان: 52 شہروں میں ترقیاتی کام تیز کرنے کا حکم
▫️وعدوں کو حقیقت میں تبدیل کیا جا رہا ہے، صوبے کی ترقی کا پہیہ اب رکنے والا نہیں، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 305 ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت صوبے کے 52 شہروں میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون سے قبل تمام متعلقہ ادارے اپنی تیاری مکمل کریں، کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا اہم جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن، نکاسی آب، سڑکوں کی مرمت، بیوٹیفکیشن اور شہری سہولیات سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 305 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے کے تحت پنجاب کے 52 شہروں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق 51 شہروں میں تقریباً 40 فیصد انتہائی اہم، یعنی موسٹ کریٹیکل، کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا عمل عملی طور پر آگے بڑھ رہا ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو حقیقت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی کا پہیہ اب رکنے والا نہیں۔
لاہور ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ 76 فیصد مکمل کیا جا چکا ہے۔ حکام نے بتایا کہ دوسرا مرحلہ جون کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے تیسرے مرحلے کی منصوبہ بندی شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ لاہور کی تاریخ میں پہلی بار 16 ہزار 410 گلیوں کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کی جا رہی ہے، جبکہ روزانہ اوسطاً 60 گلیوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت تمام شہروں میں ترقیاتی کام معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔
نکاسی آب کے منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ مختلف شہروں میں اہم کام تیزی سے جاری ہے۔ کمالیہ میں 70 فیصد، گوجرہ میں 65 فیصد، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چیچہ وطنی میں 55 فیصد اہم کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح جوہرآباد اور جلال پور جٹاں میں 44 فیصد نکاسی آب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 6.6 ارب روپے کی لاگت سے جدید مشینری کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس میں سکشن، جیٹنگ، ڈی واٹرنگ اور ڈی سلٹنگ مشینیں شامل ہیں۔ یہ مشینری جون کے آخر تک 52 شہروں کو فراہم کر دی جائے گی تاکہ مون سون سے قبل نکاسی آب اور صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارلی مون سون کے پیش نظر تمام اداروں کو پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حفاظتی پروٹوکول پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور کے مختلف علاقوں، خصوصاً اچھرہ بازار کی اپ گریڈیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخی بازاروں کی بحالی شہری شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اچھرہ بازار کو نظر انداز کیا جاتا تو یہ تباہی کا شکار ہو سکتا تھا، اور منصوبہ مکمل ہونے کے بعد وہ خود اس کا افتتاح کریں گی۔
ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس میں وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اب نمائشی اقدامات یا رسمی کارروائیوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ہر افسر کو کارکردگی دکھانا ہوگی اور عوام کو عملی نتائج نظر آنے چاہییں۔ انہوں نے تمام اضلاع کو ہدایت دی کہ ترقیاتی خلا کی نشاندہی کی جائے اور جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کام آگے بڑھایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سروس روڈز کی فوری مرمت، صاف پانی کی فراہمی، بیوٹیفکیشن اور دیہی ترقیاتی پروگرامز کی سخت مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔