تاریخ اشاعت: May 7, 2026 - 5:30 PM
Consortium of German, British and Pakistani Firms Mobilized for Sukkur Greenfield Airport Project
سکھر گرین فیلڈ ایئرپورٹ منصوبہ: جرمن، برطانوی اور پاکستانی کمپنیوں کا مشترکہ کنسورشیم متحرک
▫️فزیبلٹی سٹڈی، ماسٹر پلاننگ اور تفصیلی ڈیزائن کے آغاز کے لیے افتتاحی اجلاس منعقد
سکھر میں جدید گرین فیلڈ ایئرپورٹ کی تعمیر کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں سکھر میں ایک اہم افتتاحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی، ماسٹر پلاننگ اور تفصیلی ڈیزائننگ کے مراحل شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ یہ منصوبہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے تحت بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں کے مشترکہ کنسورشیم کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کی قیادت جرمنی کی معروف کمپنی M/s M2P Consulting GmbH کر رہی ہے، جبکہ برطانیہ کی M/s Leit-Werk Limited بطور فارن ایکسپرٹ اس منصوبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔
مقامی شراکت داروں میں لاہور کی M/s Indus Associated Consultants اور اسلام آباد کی M/s Cosmic Engineering Consultants شامل ہیں، جو انجینئرنگ، منصوبہ بندی اور تکنیکی امور میں خدمات انجام دیں گی۔
جدید انفراسٹرکچر، معاشی ترقی اور فضائی رابطوں میں بہتری کی توقع افتتاحی اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے کی۔ اجلاس میں پی اے اے کے سینئر افسران، متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں، ضلعی انتظامیہ، کاروباری برادری اور ہوابازی کے شعبے سے وابستہ مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کنسلٹنٹس کی جانب سے منصوبے کے مختلف مراحل پر مشتمل ایک جامع ورک پلان پیش کیا گیا، جس میں فزیبلٹی جائزہ، ایئرپورٹ ماسٹر پلان، رن وے ڈیزائن، مسافر ٹرمینل، کارگو سہولیات، ماحولیاتی جائزہ اور مستقبل کی توسیعی ضروریات کو شامل کیا گیا۔ شرکاء نے منصوبے کی اہمیت اور اس کے ممکنہ اقتصادی و سماجی فوائد پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔
حکام کے مطابق سکھر گرین فیلڈ ایئرپورٹ کی تعمیر سے سندھ کے بالائی علاقوں میں فضائی رابطوں کو فروغ ملے گا، جبکہ تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
منصوبے سے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خطے کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ پی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کو جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا تاکہ مستقبل کی فضائی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے۔