تاریخ اشاعت: May 8, 2026 - 10:15 AM
Islamabad Cooperative Housing Society's Major Scandal Revealed: 42,000 Plot Files Sold Against Capacity of Just 6,000 Plots
بڑا ہاؤسنگ سکینڈل بے نقاب: اسلام آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 6 ہزار پلاٹس کی گنجائش پر 42 ہزار فائلیں فروخت ہونے کا انکشاف
▫️نیب کی ابتدائی تحقیقات میں 16 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا سراغ مل چکا
اسلام آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (آئی سی ایچ ایس) سکینڈل کی تحقیقات میں ملکی تاریخ کے بڑے ہاؤسنگ فراڈز میں سے ایک کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر دستیاب زمین سے کہیں زیادہ پلاٹ فائلیں فروخت کی گئیں۔
نیب راولپنڈی اور نیب اسلام آباد کی تحقیقات کے مطابق سوسائٹی کے منظور شدہ لے آؤٹ پلان اور دستیاب لینڈ کے تحت صرف تقریباً 6 ہزار پلاٹس کی گنجائش موجود تھی، تاہم سابق انتظامیہ اور مبینہ سہولت کاروں نے 42 ہزار کے قریب فائلیں جاری کر دیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً 36 ہزار فائلیں ایسی ہیں جن کے مقابلے میں نہ زمین موجود تھی اور نہ ہی ان کی قانونی حیثیت واضح ہے۔ حکام کے مطابق ہزاروں متاثرین کو ایسی اراضی کے نام پر فائلیں فروخت کی گئیں جو یا تو موجود ہی نہیں تھی، یا اس کی قانونی منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کے لینڈ بینک اور جاری کردہ فائلوں کے درمیان بڑے فرق نے منظم مالی بدعنوانی، جعلی الاٹمنٹس اور ڈپلیکیٹ فائلوں کی فروخت کے خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں 16 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا سراغ ملا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مزید ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد یہ رقم کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
نیب حکام کے مطابق کیس میں سابق مینجمنٹ کمیٹی اور ایک نجی لینڈ ڈیلنگ کمپنی سے تعلق رکھنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتار افراد میں سابق سیکرٹری جنرل مہدی خان شاکر، سابق خزانچی ملک محمد نواز، سابق ایگزیکٹو ممبر محمد ارشد جبکہ لینڈ سٹاک ڈیلنگ پوائنٹ کمپنی سے وابستہ منیر اختر، علی محمود، یامین ملک اور غلام جیلانی شامل ہیں۔
ادھر احتساب عدالت اسلام آباد نے ملزمان کو مزید تحقیقات، دستاویزی شواہد کی بازیابی اور مالی لین دین کی تفصیلات اکٹھی کرنے کیلئے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ کیس کا دائرہ مزید وسیع ہونے کا امکان ہے اور مختلف ٹیمیں سوسائٹی کے مالیاتی معاملات، زمین کی خرید و فروخت اور انتظامی امور سے وابستہ دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔