تاریخ اشاعت: May 9, 2026 - 9:50 AM
Major Reforms Planned for Public Private Partnership Authority as Government Moves Toward Investor Friendly Framework
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی میں بڑی اصلاحات کی تیاری، سرمایہ کار دوست فریم ورک متعارف کرانے کا فیصلہ
▫️احد چیمہ کی زیرصدارت اجلاس میں اتھارٹی کو نجکاری ڈویژن کے ماتحت لانے، مؤثر پراجیکٹ پائپ لائن اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے نئی تجاویز زیر غور
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرصدارت ایک اہم اعلیٰ سطح اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) اتھارٹی کے قانون میں مجوزہ کلیدی اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مجوزہ ترامیم کا مقصد ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی گورننس، شفافیت، کارکردگی اور نفاذ کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، سیکرٹری نجکاری ڈویژن حماد شمیمی، سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان اختر باجوہ، سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر سمیت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو زیر غور قانونی ترامیم اور مجوزہ اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
احد چیمہ نے اس موقع پر حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ جاتی کارکردگی کو مضبوط بنانے اور پی پی پی منصوبوں میں شفافیت و احتساب یقینی بنانے کیلئے مستقبل بین اور سرمایہ کار دوست اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مجموعی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کیلئے جاری کوششوں کو سراہا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ اصلاحات کے تحت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو مزید مؤثر بنایا جائے گا جبکہ پی پی پی اتھارٹی منصوبوں کے نفاذ اور عملدرآمد پر زیادہ توجہ مرکوز کرے گی۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اتھارٹی کو پلاننگ ڈویژن کے بجائے نجکاری ڈویژن کے ماتحت لانے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق نئی اصلاحات میں ایک منظم پراجیکٹ پائپ لائن اور شفاف بولی نظام متعارف کرانے کی تجاویز شامل ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور منصوبہ بندی کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ بزنس کونسلز اور چیمبرز کو پراجیکٹ پائپ لائن کی تیاری میں شامل کرنے اور قابل عمل پی پی پی منصوبوں کیلئے خصوصی پراجیکٹ ڈویلپمنٹ فیسیلٹی قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پی پی پی منصوبوں کیلئے درکار زمین، بجلی اور دیگر یوٹیلٹی سہولیات تک رسائی کو آسان بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد ممکن ہو سکے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ایک جدید، مؤثر اور سرمایہ کار دوست فریم ورک کے قیام کیلئے پرعزم ہے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے ساتھ قومی ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔