تاریخ اشاعت: May 9, 2026 - 5:45 PM
LHC Orders All Overseas Pakistanis’ Property Cases to Be Heard by Special Courts
لاہور ہائی کورٹ کا تمام اوورسیز پاکستانیوں کے پراپرٹی مقدمات خصوصی عدالتوں میں چلانے کا حکم
▫️لاہور ہائی کورٹ کا تمام اوورسیز پاکستانیوں کے پراپرٹی مقدمات خصوصی عدالتوں میں چلانے کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق تمام پراپرٹی مقدمات خصوصی عدالتوں میں سنے جائیں گے، جبکہ ان عدالتوں کا دائرہ اختیار صرف قبضے اور ملکیت کے تنازعات تک محدود نہیں ہوگا۔
عدالت نے ایک اہم فیصلے میں خصوصی عدالتوں کی جانب سے ایسے مقدمات سننے پر اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق تمام معاملات ان ہی عدالتوں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔
فیصلے کے مطابق خصوصی عدالتوں کا اختیار صرف ملکیت یا قبضے کے تنازعات تک محدود نہیں بلکہ وراثت، انتقال، پاور آف اٹارنی، اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد سے متعلق مقدمات بھی خصوصی عدالتوں میں سنے جائیں گے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اوورسیز پراپرٹی ایکٹ کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کا تحفظ ہے، لہٰذا اس قانون کے تحت آنے والے تمام مقدمات خصوصی عدالتوں میں ہی زیر سماعت ہونے چاہئیں۔
عدالت نے قرار دیا ہے کہ سول عدالتوں اور خصوصی عدالتوں دونوں نے قانون کی غلط تشریح کرتے ہوئے صرف محدود نوعیت کے مقدمات منتقل کیے، جس کے باعث غیر ضروری ابہام اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ قانون کی غلط تشریح کے باعث ایسے مقدمات کو سول اور خصوصی عدالتوں کے درمیان “قانونی پنگ پونگ” نہیں بنایا جا سکتا۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ اگر مقدمے کے فریقین میں سے ایک بھی اوورسیز پاکستانی ہو تو کیس خصوصی عدالت میں سنا جائے گا۔
فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ سول عدالتوں سے منتقل ہونے والے مقدمات وہیں سے جاری رہیں گے جہاں وہ زیر التوا تھے، اور متاثرہ فریقین کو دوبارہ مقدمات دائر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خصوصی عدالتیں اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد تنازعات کے فیصلے کے لیے قائم ایک آزاد اور مخصوص فورم ہیں، اس لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دوبارہ قانونی کارروائی شروع کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
لاہور ہائی کورٹ نے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے رجسٹرار کو حکم دیا ہے کہ فیصلے کی نقول تمام متعلقہ عدالتوں کو ارسال کی جائیں۔