تاریخ اشاعت: May 13, 2026 - 10:40 AM
Karachi: NAB Freezes Multiple Properties of Property Tycoon Malik Riaz in Fresh Action
کراچی: نیب کی کارروائی ، پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی متعدد پراپرٹیز منجمد کردی گئیں
▫️منجمد کی گئی پراپرٹیز میں ہزاروں ایکڑ اراضی اور لگژری مینشن علی ولا بھی شامل
قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے بحریہ ٹاؤن کراچی سے منسلک جائیدادوں اور اراضی کے خلاف تازہ کارروائی کرتے ہوئے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض حسین سے مبینہ طور پر وابستہ ایک لگژری مینشن اور ہزاروں ایکڑ اراضی منجمد کردی ہے۔
نیب کراچی حکام کے مطابق بیورو نے “علی ولا” کے نام سے معروف ایک مینشن کو منجمد کیا ہے، جو مبینہ طور پر ملک ریاض حسین کے ذاتی رہائشی استعمال کے لیے ان کے صاحبزادے علی ریاض ملک کے نام پر بحریہ ہلز، بحریہ ٹاؤن کراچی میں تعمیر کیا گیا تھا۔
نیب کے مطابق یہ مینشن تقریباً 67 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں ہیلی پیڈ، منی چڑیا گھر اور سوئمنگ پولز جیسی پرتعیش سہولتیں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ نیب کراچی نے بتایا کہ دو الگ الگ انکوائریز میں 1,338 ایکڑ اراضی بھی منجمد کی گئی ہے۔ بیورو کے مطابق یہ اراضی مبینہ طور پر بحریہ ٹاؤن کراچی نے غیر قانونی طور پر قبضے میں لی تھی، جہاں بحریہ گرینز سمیت پریسنکٹس 33، 34، 38 تا 40، 42 اور 61 جیسے منصوبے بنائے جانے تھے۔
احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ مذکورہ اراضی حکومتِ سندھ کی ملکیت تھی۔
ایک اور کارروائی میں نیب نے بحریہ ٹاؤن 2 سے متعلق 3,150 ایکڑ اراضی بھی منجمد کردی۔ نیب کے مطابق یہ زمین ایم/ایس پیراڈائز ریئل اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے خریدی تھی۔ اس حوالے سے الگ حکم نامہ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ منجمد کی گئی جائیدادوں اور اراضی پر بحریہ ٹاؤن کراچی کو کسی بھی قسم کے تھرڈ پارٹی رائٹس پیدا کرنے سے روکا جائے، یعنی ان اثاثوں کو فروخت، منتقل، الاٹ یا کسی مزید لین دین کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
نیب حکام کے مطابق بیورو پہلے ہی کراچی کی احتساب عدالت میں ریفرنس نمبر 1/2025 دائر کر چکا ہے، جس میں ضلع ملیر میں 17,672 ایکڑ سرکاری اراضی کی غیر قانونی تبدیلی اور مبینہ خوردبرد کے الزامات شامل ہیں۔
نیب کے مطابق اس اراضی کی مالیت تقریباً 708 ارب روپے بنتی ہے، جبکہ مبینہ غیر قانونی تبدیلی اور خوردبرد حکومتِ سندھ کے بعض حکام کی ملی بھگت سے کی گئی۔
بیورو نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کو ایم نائن موٹروے کے قریب قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کیا گیا۔
نیب کی تازہ کارروائی بحریہ ٹاؤن کراچی اور سندھ میں سرکاری اراضی کے مبینہ غیر قانونی استعمال سے متعلق جاری کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔