تاریخ اشاعت: May 14, 2026 - 7:45 PM
Rural Development Expanded Under “Sohna Punjab” Programme, Work Underway on 124 Schemes in 342 Villages
"سوہنا پنجاب"پروگرام کے تحت دیہی ترقی کا دائرہ وسیع، 342 دیہات میں 124 سکیموں پر کام جاری
▫️مثالی گاؤں پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات شامل، 60 ارب روپے کی لاگت سے 39 لاکھ آبادی کو شہری طرز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ذیشان رفیق
پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور گاؤں کو جدید شہری معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے کام تیز کر دیا ہے۔ پروگرام کے تحت صوبے کے 342 دیہات میں 124 مختلف ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔
سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سوہنا پنجاب اور وزیراعلیٰ مثالی گاؤں پروگرام سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سی ای او سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مثالی گاؤں پروگرام پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مثالی گاؤں پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 485 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں بنیادی انفراسٹرکچر، صفائی، نکاسی آب، روشنی اور گلیوں کی بہتری کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات کے مطابق پہلے مرحلے کی تکمیل سے تقریباً 39 لاکھ دیہی آبادی مستفید ہوگی۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس پروگرام کے لیے 60 ارب روپے کی لاگت کی منظوری دی ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید فنڈز مختص کیے جائیں گے تاکہ دیہی ترقی کا عمل مزید تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ دیہات میں بھی شہروں جیسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام جلد شروع کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں میں رفتار کے ساتھ معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے انتظامی افسران باقاعدگی کے ساتھ ترقیاتی سائٹس کا دورہ کریں تاکہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔
ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر 2026 تک مثالی گاؤں پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا جائے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید 7500 دیہات کو بھی اس پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے، جس سے پنجاب کے دیہی علاقوں میں ترقی کا نیا باب کھلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت دیہات میں گلیوں کی پختگی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سیوریج سسٹم کی بہتری اور پانی کے روایتی چھپڑوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سیوریج سسٹم کی فراہمی سے دیہات میں صاف ستھرا ماحول تشکیل پائے گا اور شہریوں کو بہتر معیار زندگی میسر آئے گا۔
وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مثالی گاؤں پروگرام کی تکمیل سے دیہی آبادی کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے نمایاں ریلیف ملے گا اور پنجاب کے دیہات کو ترقی، صفائی اور سہولتوں کے نئے معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے