تاریخ اشاعت: April 9, 2026 - 10:39 AM
AI Revolution Transforms Housing Sector, Offering Faster Solutions to Global Crisis, Forbes Report
اے آئی انقلاب نے ہاؤسنگ سیکٹر کو بدل دیا، رئیل اسٹیٹ کے عالمی بحران سے نمٹنے کیلئے تیز رفتار ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ گیا : فوربز رپورٹ
▫️ماہرین کے مطابق اے آئی ٹولز ہاؤسنگ انڈسٹری میں کارکردگی، شفافیت اور باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں
نیویارک | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبے کو نئی شکل دے رہی ہے، جو بڑھتے ہوئے عالمی ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے زیادہ ذہین اور تیز رفتار حل فراہم کر رہی ہے۔ حال...
مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبے کو نئی شکل دے رہی ہے، جو بڑھتے ہوئے عالمی ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے زیادہ ذہین اور تیز رفتار حل فراہم کر رہی ہے۔
حالیہ مظاہروں میں جدید پرسیپشن اور ریزننگ سسٹمز، بشمول ہیومنائیڈ ٹیکنالوجی کی حقیقی دنیا میں نیویگیشن صلاحیتوں نے یہ واضح کیا ہے کہ اے آئی اب محض نظریاتی تصور نہیں رہی بلکہ عملی طور پر رئیل اسٹیٹ سیکٹر سمیت صنعت کے مختلف شعبوں میں استعمال ہو رہی ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد صنعتی تقاریب میں اے آئی سے چلنے والے ایسے ٹولز پیش کیے گئے جو ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ کے تقریباً ہر مرحلے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پرمٹنگ اور زوننگ کی منظوریوں میں تیزی سے لے کر ڈیزائن، سیلز، فنانسنگ اور پراپرٹی مینجمنٹ تک، یہ حل ایک زیادہ مؤثر اور پیداواری نظام تشکیل دے رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اے آئی بنیادی طور پر منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے طریقہ کار کو تبدیل کر رہی ہے۔ اب صارفین محض گفتگو کے ذریعے اپنی مطلوبہ رہائش بارے خصوصیات یا ڈیمانڈز بیان کر سکتے ہیں مثلاً کچن کی تزئین و آرائش جس پر اے آئی سسٹمز فوری طور پر تفصیلی منصوبہ تیار کرتے ہیں، مزید سوالات پوچھتے ہیں، بہتری کی تجاویز دیتے ہیں اور ابتدائی ڈیزائن پیش کرتے ہیں، تاکہ حتمی منظوری سے قبل انہیں بہتر بنایا جا سکے۔
یہ ٹیکنالوجی مکمل پراجیکٹ فریم ورک بھی تیار کرتی ہے، جس میں کوڈنگ سٹرکچر اور دستاویزات شامل ہوتی ہیں، اور یہ عمل روایتی 'ڈیزائن بلڈ' فرموں کی طرز پر ہوتا ہے مگر کہیں زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹولز خاص طور پر چھوٹی اور درمیانی سطح کی کمپنیوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔ اے آئی کے استعمال سے یہ ادارے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے بڑی کمپنیوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود معیاری نتائج فراہم کر سکتے ہیں۔
ڈیزائن اور منصوبہ بندی کے علاوہ، اے آئی وقت طلب اور معمول کے کاموں کو بھی مؤثر انداز میں انجام دے رہی ہے۔ تکنیکی تفصیلات کا جائزہ لینے، پریزنٹیشنز تیار کرنے اور پراجیکٹ ڈیٹا کو منظم کرنے جیسے امور میں یہ ٹولز کام کا بوجھ کم کرتے ہوئے درستگی اور یکسانیت کو بہتر بناتے ہیں۔
تاہم، صنعت کاروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ انسانی نگرانی اب بھی ناگزیر ہے۔ اے آئی کو متبادل کے بجائے ایک معاون شراکت دار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ صارفین نتائج کی رہنمائی کریں، انہیں بہتر بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ حل عملی اور صارف دوست ہوں۔
اے آئی کے انضمام نے مختلف سٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطے کو بھی بہتر بنایا ہے، جس سے پراجیکٹ کی تفصیلات کا باآسانی تبادلہ ممکن ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں تاخیر اور وسائل کے استعمال میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ بعض اندازوں کے مطابق وقت کی بچت ایک تہائی سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، وہ بھی اعلیٰ معیار برقرار رکھتے ہوئے۔
ماہرین کے مطابق جدید تعمیراتی شعبے میں کامیابی صرف رفتار پر نہیں بلکہ وضاحت اور شفافیت پر بھی منحصر ہے۔ تفصیلی اور منظم معلومات سپلائرز، کنٹریکٹرز اور کلائنٹس کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو یقینی بناتی ہیں، جس کے نتیجے میں بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔
جوں جوں اے آئی ترقی کر رہی ہے، ہاؤسنگ کے مسائل کے حل میں اس کا کردار مزید بڑھنے کی توقع ہے، اور یہ ایک ایسے طاقتور ذریعہ کے طور پر ابھر رہی ہے جو ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔