تاریخ اشاعت: July 11, 2026 - 1:05 PM
First Phase of Tunnel Excavation Completed for Dubai Metro Blue Line
دبئی میٹرو بلیو لائن منصوبے میں اہم پیش رفت، سرنگ کی کھدائی کا پہلا مرحلہ مکمل
▫️جدید مشینری کی مدد سے کام صرف دو ماہ میں مکمل، تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی
دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک “بلیو لائن” منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں زیرِ زمین سرنگ کی کھدائی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
دبئی میں ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظام کے ذمہ دار ادارے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے منصوبے پر ہونے والی تازہ پیش رفت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سرنگ کی کھدائی کا ابتدائی مرحلہ صرف دو ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا۔
حکام کے مطابق کھدائی کے کام کے لیے جدید مشینری اور تعمیراتی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، جس کے باعث مصروف شہری علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں کے باوجود ٹریفک کی روانی میں کوئی نمایاں خلل پیدا نہیں ہوا۔
دبئی میٹرو بلیو لائن کی مجموعی لمبائی تقریباً 30 کلومیٹر ہوگی، جس میں سے لگ بھگ نصف حصہ زیرِ زمین تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل پر مجموعی طور پر 20 ارب 50 کروڑ درہم لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
بلیو لائن منصوبے کو دبئی کے بڑھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے مختلف رہائشی، کاروباری اور ترقی پذیر علاقوں کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شہریوں کو تیز، محفوظ اور جدید سفری سہولت فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔