تاریخ اشاعت: August 11, 2026 - 5:09 PM
Apni Chhat Apna Ghar Programme: Interest Free Loans Worth Over Rs 232 Billion Disbursed to 180,000 Families
اپنی چھت اپنا گھر پروگرام: ایک لاکھ 80 ہزار خاندانوں کو 232 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری
▫️ایک لاکھ 9 ہزار 946 خاندانوں کے گھروں کی تعمیر مکمل، مزید 13 ہزار خاندانوں کیلئے 19 ارب 56 کروڑ روپے مختص: صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین
پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار 297 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ تقسیم کیے گئے قرضوں کی مجموعی مالیت 232 ارب 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پروگرام کی پیش رفت کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پھاٹا سکندر ذیشان نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین سے ملاقات کی اور انہیں درخواستوں، قرضوں کی تقسیم اور گھروں کی تعمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے مطابق ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے پورٹل پر اب تک 14 لاکھ 56 ہزار 664 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 10 لاکھ 79 ہزار 224 درخواستوں کی سکروٹنی مکمل کر لی گئی ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے مطابق پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے خاندانوں میں سے ایک لاکھ 9 ہزار 946 اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں، جبکہ مزید 39 ہزار 943 گھروں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
پروگرام کے تحت اب تک مجموعی طور پر 232 ارب 9 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ مزید 13 ہزار 314 خاندانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے 19 ارب 56 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بلال یاسین نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ کم آمدن والے شہریوں کو اپنی رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جلد ابتدائی درخواست گزاروں کو بھی قرضوں کی فراہمی کا آغاز کریں گی۔ تمام اضلاع کے متعلقہ حکام کو مستحق خاندانوں میں قرضوں کی بروقت تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کے ساتھ درخواستوں کی سکروٹنی اور قرضوں کی تقسیم کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔