تاریخ اشاعت: November 27, 2025 - 5:50 AM
Crackdown launched in Gujranwala against illegal housing schemes and encroachments
گوجرانوالہ میں سرکاری زمینوں کی فوری واگزاری اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز کو جامع ٹاسک جاری صفائی، ٹریفک اور ہسپتالوں کی حالت زار پر بھی علی الصبح اہم کارروائیاں
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز اور بے ہنگم تعمیرات نے شہری منصوبہ بندی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور سرکاری زمینوں پر قبضوں کے خطرات بڑھا دیے ہیں۔ انہوں نے ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشن...
غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی فہرست تیار، سخت کارروائی کی ہدایت
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق، ڈی جی جی ڈی اے غیاث اپنی، ڈپٹی ڈائریکٹر جی ڈی اے اور واسا انجینئر خرم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں سینکڑوں غیر منظور شدہ یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی سوسائٹیز سرگرم ہیں۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ:
* تمام تحصیلوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں
* قبضہ مافیا کے خلاف فیلڈ آپریشنز کیے جائیں
* شہریوں کو خبردار کیا جائے کہ غیر منظور شدہ سوسائٹیز میں سرمایہ کاری سے گریز کریں
* منظوری کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور عوامی آگاہی مہم چلائی جائے
شہر کی صفائی، سٹریٹ لائٹس اور شاہراہوں کی حالت کا ہنگامی جائزہ
ان ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کشمیر روڈ، پیپلز کالونی، جی ٹی روڈ اور الیکٹرک بس روٹس پر صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس، سٹریٹ لائٹس اور تجاوزات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ:
* کچرے کی بروقت لفٹنگ یقینی بنائی جائے
* غیر فعال سٹریٹ لائٹس فوری درست کی جائیں
* تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے
* اہم چوکوں پر نئے مونومنٹس کی تنصیب اور گرین بیلٹس کی بحالی تیز کی جائے
الیکٹرک بس سروس اور انتظار گاہوں کی اپ گریڈیشن
ڈپٹی کمشنر نے الیکٹرک بس سروس کا معائنہ کیا اور مسافروں سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ شہری سہولت کے لیے مختلف مقامات پر جدید ڈیزائن کی نئی انتظار گاہوں کی تعمیر جاری ہے۔
گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا خصوصی معائنہ
بعد ازاں انہوں نے سول ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی، او پی ڈی، ڈینگی وارڈ، گائنی او پی ڈی، فارمیسی اور پرچی کاؤنٹر کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی، اسٹاف حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بہتر انتظامات کی ہدایات دیں۔ سید شایان ڈاٹ کوم رئیل اسٹیٹ پورٹل کی رپورٹ