تاریخ اشاعت: September 15, 2026 - 10:13 AM
ECC Approves $6 Billion Refinery Upgrade Plan to Modernise Pakistan’s Oil Sector
ای سی سی نے پاکستان کی آئل ریفائننگ صنعت کی آپ گریڈیشن کیلئے 6 ارب ڈالر کے منصوبے کی منظوری دیدی
▫️ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے تحت موجودہ ریفائنریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پانچ سالہ فریم ورک پر مشتمل ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدہ منظور
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اگست 2026 میں ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے تحت ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس سے ملک کے فرسودہ آئل ریفائننگ انفراسٹرکچر کی آپ گری...
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اگست 2026 میں ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے تحت ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس سے ملک کے فرسودہ آئل ریفائننگ انفراسٹرکچر کی آپ گریڈیشن کے لیے تقریباً 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
یہ معاہدہ ملک کی موجودہ اور براؤن فیلڈ ریفائنریوں میں بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن منصوبوں کے لیے ریگولیٹری اور عملی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ منظور شدہ انتظام کے تحت اس پروگرام میں شامل ریفائنریوں کو پالیسی کے تحت فراہم کردہ مراعات اور سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق شرائط پر عمل کرتے ہوئے پانچ سال کے اندر اپ گریڈیشن کے منصوبے مکمل کرنا ہوں گے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان کی مقامی آئل ریفائننگ صلاحیت میں اضافہ، ایندھن کے معیار کو بہتر بنانا اور طویل مدت میں درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر ملک کا انحصار کم کرنا ہے۔
صنعتی تخمینوں کے مطابق مجوزہ اپ گریڈیشن سے ملک میں پیٹرول کی پیداوار میں 72 فیصد تک جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی پیداوار میں تقریباً 39 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔ آپ گریڈیشن کے اس پروگرام سے مقامی ریفائنریوں کو یورو-V معیار کی پیٹرولیم مصنوعات تیار کرنے کے قابل بنانے کی بھی توقع ہے، جس سے پاکستان میں ایندھن کا معیار بین الاقوامی ماحولیاتی معیارات کے مزید قریب آسکے گا۔
پاکستان کا موجودہ ریفائننگ انفراسٹرکچر طویل عرصے سے فرسودہ ٹیکنالوجی، نسبتاً کم کارکردگی اور صاف اور زیادہ قدر کی حامل پیٹرولیم مصنوعات کی محدود پیداواری صلاحیت جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کمزوریوں کے باعث مقامی سطح پر خام تیل کی ریفائننگ کے باوجود ملک کو پیٹرول اور ڈیزل کی درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
نئے فریم ورک کا مقصد ریفائنریوں کو جدید پراسیسنگ یونٹس، مشینری اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر ان بنیادی کمزوریوں کو دور کرنا ہے۔ اپ گریڈیشن سے ریفائنریوں کی کارکردگی بہتر ہونے، خام تیل سے اعلیٰ معیار کے ایندھن کی پیداوار کا تناسب بڑھنے اور کم قدر کی حامل پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں کمی کی توقع ہے۔
سرمایہ کاری کے مطلوبہ حجم کو ممکن بنانے کے لیے پالیسی فریم ورک میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مالی سہولتوں سے متعلق متعدد اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں استحکام سے متعلق شقیں اور ٹیکس مراعات شامل ہیں، جن کا مقصد بڑے سرمائے کے حامل ریفائنری منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو زیادہ پالیسی اور مالیاتی یقین دہانی فراہم کرنا ہے۔
ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ پالیسی میں پاکستان کی ساحلی اور زمینی پیٹرولیم ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ ذخیرہ کرنے کی زیادہ گنجائش ملک کو سٹریٹجک ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہے، جبکہ عالمی توانائی منڈیوں اور سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے مقابلے میں پاکستان کی توانائی سلامتی بھی مضبوط ہوسکتی ہے۔
ریفائنریوں کی آپ گریڈیشن کا یہ پروگرام پاکستان کے بیرونی کھاتے کے لیے بھی اہم اثرات کا حامل ہوسکتا ہے۔ مقامی سطح پر ریفائن شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ تیار شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدی ضرورت کم کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں ایندھن کی درآمدات پر خرچ ہونے والے زرمبادلہ میں کمی کا امکان ہے۔