تاریخ اشاعت: September 21, 2026 - 2:01 PM
FGEHA Plans New Housing Schemes for Waiting-List Allottees
ایف جی ای ایچ اے کی منتظر الاٹیز کیلئے نئی ہاؤسنگ سکیمیں متعارف کرانے کی تیاری
▫️وفاقی وزیر ہاؤسنگ کی زیرِ صدارت اجلاس، زیرِ التوا منصوبے تیز کرنے اور موجودہ الاٹیز کو جلد قبضہ دینے کی ہدایت
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولیات میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی ویٹنگ لسٹ میں شامل درخواست گزاروں کے لیے نئی ہاؤسنگ سکیمیں متعارف کر...
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولیات میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی ویٹنگ لسٹ میں شامل درخواست گزاروں کے لیے نئی ہاؤسنگ سکیمیں متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔
یہ پیش رفت ایف جی ای ایچ اے کے 52ویں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سامنے آئی، جو وزارتِ ہاؤسنگ و ورکس میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں جاری ہاؤسنگ منصوبوں پر پیش رفت، موجودہ الاٹیز کی صورتحال اور نئی رہائشی سکیموں کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو زیرِ التوا منصوبوں پر کام تیز کرنے اور ان کی عملی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف جی ای ایچ اے کی ویٹنگ لسٹ میں شامل افراد کے لیے نئی ہاؤسنگ سکیمیں متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جس کا مقصد اہل درخواست گزاروں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پلاٹس اور رہائشی سہولیات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔
اجلاس میں موجودہ الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ دینے کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ جن الاٹیز کو پہلے ہی پلاٹس الاٹ کیے جاچکے ہیں، انہیں ترقیاتی کام کی تکمیل اور دیگر ضروری تقاضے پورے ہونے کے بعد جلد از جلد قبضہ فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں ایف جی ای ایچ اے کے اہم منصوبوں، بالخصوص سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 اسلام آباد اور ڈی ایچ اے کے اشتراک سے جاری مارگلہ آرچرڈ منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بورڈ نے جاری ہاؤسنگ منصوبوں کی تکمیل، ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی اور موجودہ الاٹیز کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ویٹنگ لسٹ میں شامل درخواست گزاروں کے لیے نئی سکیموں پر بھی کام جاری رکھا جائے۔