تاریخ اشاعت: August 21, 2026 - 1:03 PM
Government Considers Construction Development Bank and New Regulatory Board for Building Industry
حکومت نے تعمیراتی صنعت کیلئے الگ ڈویلپمنٹ بینک اور نئے ریگولیٹری بورڈ کے قیام پر غور شروع کر دیا
▫️مجوزہ پیکج میں کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ، الگ بینک کے قیام کا جائزہ، ٹیکس اصلاحات اور درآمدی و برآمدی پالیسیوں میں تبدیلیاں شامل ہیں
وفاقی حکومت پاکستان کی تعمیراتی صنعت کیلئے ایک جامع ترقیاتی پیکج پر غور کر رہی ہے، جس میں نئے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام کے ساتھ تعمیراتی شعبے کیلئے الگ ڈویلپمنٹ بینک بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ان تجاویز پر وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد خان چیمہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام اور کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی قیادت اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
مجوزہ کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ (CIDB) کو تعمیراتی شعبے کی ترقی کے ساتھ ریگولیٹری اختیارات دینے کی تجویز ہے۔ یہ ادارہ تعمیراتی معیار، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کی نگرانی کرے گا جبکہ اس میں سرکاری اور نجی شعبے دونوں کے نمائندے شامل کئے جائیں گے۔
حکومت اور کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ایسے ادارے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ حکومت مجوزہ بورڈ کا فریم ورک حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں تعمیراتی کمپنیوں کو بینکوں سے مالی اور پرفارمنس گارنٹیز حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات بھی زیر بحث آئیں۔ کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ان مسائل کے حل کیلئے الگ کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بینک (CDB) قائم کرنے کی تجویز دی۔
تاہم اس بینک کے قیام کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر نے وزیر مملکت برائے خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جائے۔ الگ بینک کے قیام کا فیصلہ اس کی ضرورت اور مالی طور پر قابل عمل ہونے کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔
مجوزہ پیکج میں تعمیراتی شعبے کیلئے ٹیکس اصلاحات اور درآمدی و برآمدی پالیسیوں میں تبدیلیاں بھی شامل ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی کے استعمال میں آسانی پیدا کرنا، پالیسی سے متعلق رکاوٹیں کم کرنا اور مقامی تعمیراتی صنعت کی صلاحیت بڑھانا ہے۔
کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی براہ راست شرکت کے باعث ان تجاویز کے بلڈرز، کنٹریکٹرز، ڈویلپرز اور کنسلٹنٹس پر اہم اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، خصوصاً فنانسنگ، گارنٹیز، ٹیکس اور تعمیراتی معیار سے متعلق معاملات میں۔
حکومت نے سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں تعمیر کے بعد ذمہ داری کی موجودہ مدت بھی ایک سال سے بڑھا کر تین سال کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ مستقبل میں اسے پانچ سال تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد ناقص تعمیر کی صورت میں کنٹریکٹرز اور متعلقہ اداروں کو زیادہ عرصے تک ذمہ دار بنانا ہے۔
نئے نظام میں کنسلٹنٹس کی جوابدہی بھی بڑھانے کی تجویز ہے۔ حکومت کے مطابق اس وقت ناقص کارکردگی پر کنٹریکٹرز کیلئے سزاؤں کا نظام موجود ہے لیکن کنسلٹنٹس کیلئے ایسا واضح قانونی طریقہ موجود نہیں۔ مجوزہ CIDB کے تحت ڈیزائن میں خرابی یا تکنیکی غلطی پر کنسلٹنٹس کو بھی قانونی اور مالی طور پر ذمہ دار بنایا جاسکے گا۔
اگر یہ پیکج منظور ہو جاتا ہے تو اس کے اثرات صرف ایک نئے بورڈ یا بینک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پاکستان میں تعمیراتی کاروبار کی فنانسنگ، ریگولیشن، ٹیکس، منصوبوں کے معیار اور جوابدہی کے پورے نظام میں اہم تبدیلیاں آسکتی ہیں۔