تاریخ اشاعت: October 5, 2026 - 11:01 AM
Govt Amends SOE Ownership Policy Under Another IMF Condition
آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پر عملدرآمد، سرکاری اداروں کی اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی میں ترمیم
▫️ تمام ریاستی ملکیتی اداروں پر ایس ای سی پی کے نوٹیفائی کردہ فنانشل رپورٹنگ سٹینڈرڈز لاگو ہوں گے
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی حکومت نے آئی ایم ایف سے منسلک ایک اور شرط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ریاستی ملکیتی اداروں سے متعلق اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی 2023 میں ترمیم کر دی ہے، جس کے تحت سرکاری اداروں کیلئے مالیاتی رپورٹنگ اور اندرونی...
وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف سے منسلک ایک اور شرط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ریاستی ملکیتی اداروں سے متعلق اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی 2023 میں ترمیم کر دی ہے، جس کے تحت سرکاری اداروں کیلئے مالیاتی رپورٹنگ اور اندرونی آڈٹ سے متعلق قواعد کو مزید واضح کر دیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے پالیسی میں ترامیم کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترمیم شدہ پالیسی کے تحت ایس او ایز ایکٹ 2023 کے مقاصد کیلئے انٹرنیشنل فنانشل رپورٹنگ اسٹینڈرڈز سے مراد وہ فنانشل رپورٹنگ سٹینڈرڈز ہوں گے جو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان وقتاً فوقتاً کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعہ 225 کے تحت ریاستی ملکیتی اداروں کیلئے نوٹیفائی کرے گا۔
اس طرح ایس ای سی پی کی جانب سے مقرر کردہ فنانشل رپورٹنگ تقاضے تمام متعلقہ ریاستی ملکیتی اداروں پر لاگو ہوں گے۔
تاہم سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیرِ نگرانی اداروں کیلئے بینکنگ کمپنیز آرڈیننس 1962 کے تحت مرکزی بینک کی جانب سے مقرر کردہ قانونی فنانشل رپورٹنگ فریم ورک نافذ رہے گا۔
اس فریم ورک میں سٹیٹ بینک کے جاری کردہ سرکلرز، ڈائریکٹیوز اور دیگر ہدایات بھی شامل ہوں گی اور کسی بھی تضاد کی صورت میں مرکزی بینک کا مقرر کردہ فریم ورک فوقیت رکھے گا۔
ترمیم کے ذریعے شامل کی گئی شق 31 بی کے مطابق انٹرنیشنل فنانشل رپورٹنگ اسٹینڈرڈز پر عملدرآمد کے حوالے سے ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعہ 225 کے تحت عام کمپنیوں کو دی جانے والی کوئی بھی ترمیم، رعایت یا استثنیٰ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ریاستی ملکیتی اداروں پر بھی لاگو ہوگا۔
تاہم اس شق سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے قانونی اختیارات متاثر نہیں ہوں گے اور مرکزی بینک کے دائرہ اختیار میں آنے والے معاملات میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956 کے تحت جاری کردہ تقاضوں کو فوقیت حاصل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پالیسی میں شامل کی گئی شق 31سی کے تحت فنانس ڈویژن کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے مشاورت کے بعد اسٹیچوٹری ریاستی ملکیتی اداروں کے مالیاتی انتظام کیلئے ایک تفصیلی فریم ورک جاری کرنے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔
اس فریم ورک کے ذریعے ایسے سرکاری اداروں کیلئے مالیاتی نظم و نسق، اکاؤنٹنگ تقاضوں اور مالی کنٹرول کے طریقہ کار کو مزید واضح کیا جائے گا۔
ترمیم شدہ پالیسی کے تحت تمام ریاستی ملکیتی ادارے ایس او ایز ایکٹ کی دفعات 19 اور 20 کے مطابق انٹرنل آڈٹ کے طریقہ کار اور ضروری میکانزم بھی قائم کریں گے۔
نئی ترامیم کا مقصد ریاستی ملکیتی اداروں کی مالیاتی رپورٹنگ، اندرونی نگرانی اور کارپوریٹ گورننس کیلئے زیادہ واضح ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنا ہے، جبکہ سٹیٹ بینک سمیت متعلقہ ریگولیٹرز کے قانونی اختیارات کو برقرار رکھا گیا ہے۔