تاریخ اشاعت: October 5, 2026 - 12:01 PM
Govt Plans to Deduct Provinces’ Power Dues From NFC Shares, Eyes Rs 110bn Recovery
صوبوں کے بجلی بقایاجات این ایف سی حصے سے منہا کرنے کا منصوبہ، 110 ارب روپے وصولی متوقع
▫️ پاور اور خزانہ ڈویژن کا کٹوتی کے طریقہ کار پر اتفاق، ابتدائی مرحلے میں تقریباً 50 ارب روپے وصول کرنے کی تیاری
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی حکومت نے صوبوں کے ذمے 110 ارب روپے سے زائد بجلی کے بقایاجات کی وصولی کیلئے رقم صوبوں کے قومی مالیاتی کمیشن، این ایف سی، کے حصے سے منہا کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں تقریباً 50 ار...
وفاقی حکومت نے صوبوں کے ذمے 110 ارب روپے سے زائد بجلی کے بقایاجات کی وصولی کیلئے رقم صوبوں کے قومی مالیاتی کمیشن، این ایف سی، کے حصے سے منہا کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں تقریباً 50 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن اور خزانہ ڈویژن کے درمیان صوبائی بجلی بقایاجات کی کٹوتی کے طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا ہے اور حکومت نے مجوزہ انتظام سے عالمی مالیاتی فنڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے صوبوں کے این ایف سی حصوں سے بجلی کے بقایاجات کی براہ راست کٹوتی کے ممکنہ مالی اثرات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق صوبائی آمدن پہلے ہی دباؤ میں ہے اور این ایف سی شیئر سے مزید کٹوتیوں کے نتیجے میں صوبوں کے مالی مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبوں کے ذمے بجلی کے بقایاجات کی مجموعی مالیت 110 ارب روپے سے زائد ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جس میں سے تقریباً 50 ارب روپے ابتدائی طور پر وصول کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ صوبوں سے 1.7 ٹریلین روپے کے کیش سرپلس اور 1.036 ٹریلین روپے کیش گرانٹس سے متعلق مالی اہداف بھی وسیع تر مالیاتی فریم ورک کے تحت زیر غور ہیں۔
دوسری جانب پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کی جانب سے آئی ایم ایف کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی کے شعبے کے گردشی قرضے میں 61 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کا مجموعی حجم بڑھ کر تقریباً 1.675 ٹریلین روپے ہوگیا۔
گردشی قرضے میں اضافے کی وجوہات میں سبسڈی سے متعلق ایڈجسٹمنٹس اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ ادائیگیوں کے تنازعات بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے گردشی قرضے میں کمی کیلئے دستیاب بچت کو مؤثر انداز میں استعمال نہ کئے جانے پر بھی تحفظات ظاہر کئے ہیں۔
صوبائی حکومتوں اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان بلنگ کے تنازعات کے مستقل حل کیلئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب بھی جاری ہے۔
پاور ڈویژن نے صوبائی بجلی بلنگ سے متعلق اختلافات کو کم کرنے اور بجلی کے استعمال کا زیادہ درست ریکارڈ یقینی بنانے کیلئے سمارٹ میٹرنگ کے نظام کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے بعد یکساں بجلی ٹیرف کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے دریافت کیا کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے بعد موجودہ یکساں ٹیرف پالیسی برقرار رہے گی یا اسے ختم کر دیا جائے گا، تاہم حکومت کی جانب سے اس بارے میں کوئی حتمی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
اس وقت مؤثر اور نسبتاً کم مؤثر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کیلئے یکساں ٹیرف پالیسی نافذ ہے۔
مذاکرات میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے ٹائم فریم اور نجکاری کے بعد اختیار کی جانے والی پالیسیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے حصے سے ماہانہ 6 ارب روپے سے زائد کی کٹوتی کی کوشش بھی کی گئی تھی، تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ ڈیبٹ اتھارٹی نہ ملنے کے باعث مرکزی بینک کے ذریعے رقم منہا نہیں کی جاسکی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں گردشی قرضے کے مستقل حل، بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری اور مالیاتی نظم و ضبط کو توانائی شعبے کی اصلاحات کیلئے اہم قرار دیا ہے۔