تاریخ اشاعت: July 3, 2026 - 3:15 PM
IHC Declares Ban on Property Transactions in Islamabad’s Zone III Illegal
اسلام آباد کے زون تھری میں جائیدادوں کی خرید و فروخت پر پابندی غیر قانونی قرار
▫️اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سی ڈی اے نے قانونی اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے رجسٹریشن اور انتقالات پر غیر قانونی پابندی عائد کی عدالتی فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پابندیاں فوری طور پر واپس لے لیں
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے زون تھری میں جائیدادوں کی خرید و فروخت، رجسٹریشن اور انتقالات پر عائد blanket پابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے قانونی اختیار کے بغیر شہریوں کے جائز پراپرٹی لین دین کو معطل کیا۔
جسٹس محمد آصف نے شاہ اللہ دتہ کے رہائشی فضل عباس کی درخواست منظور کرتے ہوئے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ سی ڈی اے کے خط اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زبانی ہدایات کے ذریعے عائد پابندی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی۔
عدالت نے واضح کیا کہ 30 نومبر 2023 کا سابقہ حکم صرف زون تھری میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے منسلک تعمیرات اور فروخت روکنے تک محدود تھا، اس سے تمام قانونی جائیدادوں کی رجسٹریشن، انتقال یا خرید و فروخت معطل کرنے کا اختیار نہیں ملتا۔
فیصلے کے مطابق سی ڈی اے نے عدالتی حکم کا دائرہ غیر قانونی طور پر بڑھاتے ہوئے شاہ اللہ دتہ، سنگ جانی، سرائے خربوزہ اور دیگر علاقوں میں رجسٹریشن اور انتقالات روکنے کی ہدایات جاری کیں، جس سے وراثتی انتقالات، خاندانی تقسیم اور دیگر جائز پراپرٹی معاملات بھی متاثر ہوئے۔
عدالت نے قرار دیا کہ سی ڈی اے آرڈیننس 1960 اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری زوننگ ریگولیشنز 1992 ڈپٹی کمشنر یا کسی انتظامی افسر کو جائیدادوں کی رجسٹریشن اور منتقلی پر blanket پابندی لگانے کا اختیار نہیں دیتے۔
جسٹس محمد آصف نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایسی پابندیاں شہریوں کے آئینی حق ملکیت سے متصادم ہیں، کیونکہ شہری قانون کے مطابق جائیداد خریدنے، رکھنے، منتقل کرنے اور فروخت کرنے کا حق رکھتے ہیں، اور انتظامیہ واضح قانونی اختیار کے بغیر ان حقوق کو محدود نہیں کر سکتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جائیدادوں کی رجسٹریشن، انتقال اور منتقلی کے کیسز قانون کے مطابق نمٹائے جائیں، جبکہ کسی بھی جائز لین دین سے انکار صرف due process اور واضح قانونی بنیاد پر ہی کیا جا سکتا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر نے پابندیاں فوری طور پر واپس لے لیں اور ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں کو ہائیکورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی۔
اس فیصلے کو زون تھری کے پراپرٹی مالکان، خریداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، جہاں گزشتہ عرصے سے متعدد قانونی لین دین انتظامی پابندیوں کے باعث رکے ہوئے تھے۔