تاریخ اشاعت: May 13, 2026 - 10:15 AM
Khyber Pakhtunkhwa Introduces Overseas Pakistanis Property Act 2026, Special Courts Bound to Decide Cases Within 120 Days
خیبرپختونخوا میں اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی ایکٹ 2026 متعارف، خصوصی عدالتیں 120 روز میں فیصلے کرنے کی پابند
▫️نئے قانون کے تحت آن لائن درخواست دائر کرنے، ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کی سہولت فراہم کی جائے گی
خیبرپختونخوا حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ، ملکیتی تنازعات کے فوری حل اور غیرقانونی قبضوں و جعلی انتقالات کی روک تھام کے لیے ایک اہم قانون باضابطہ طور پر نافذ کردیا ہے۔
اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی ایکٹ 2026 کے نام سے متعارف کرایا گیا یہ قانون صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیا۔ نئے قانون کے تحت پشاور ہائی کورٹ کی مشاورت سے صوبے بھر میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جو اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گی۔
قانون کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق تمام زیرالتوا مقدمات فوری سماعت کے لیے ان خصوصی عدالتوں کو منتقل کیے جائیں گے۔ ان عدالتوں کی سربراہی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے رینک کے ججز کرام کریں گے۔
نئے قانون کے تحت اوورسیز پاکستانی آن لائن درخواستیں دائر کرسکیں گے اور ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے بیانات ریکارڈ کرا سکیں گے، جس سے انہیں عدالتی کارروائی کے ہر مرحلے پر پاکستان آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ خصوصی عدالتیں مقدمات کا فیصلہ 120 روز کے اندر کرنے کی پابند ہوں گی، جبکہ فیصلے کے خلاف اپیل 15 روز کے اندر دائر کی جاسکے گی۔
قانون میں غیرقانونی انتقالات کی روک تھام، قابضین سے کرایہ وصولی میں معاونت اور عدالتی نوٹسز موبائل فون، ای میل اور مساجد کے ذریعے پہنچانے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق اس قانون کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرنا، ان کی سرمایہ کاری اور اثاثوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا اور غیرقانونی قبضوں اور طویل عدالتی کارروائیوں کے خلاف مؤثر قانونی راستہ فراہم کرنا ہے۔
اسی اجلاس میں احساس ریڑھی بان تحفظ بل 2026 بھی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ مجوزہ قانون کا مقصد صوبے بھر کے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن کو منظم کرنا اور انہیں ہراسانی، رشوت ستانی اور غیرقانونی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
بل کے تحت رجسٹرڈ ریڑھی بانوں کے خلاف بغیر نوٹس کوئی کارروائی نہیں کی جاسکے گی۔ رجسٹرڈ ریڑھی بانوں کو ہراساں کرنا، غیرقانونی کارروائی کرنا یا رشوت طلب کرنا سنگین جرم تصور ہوگا۔ بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے، جسے 15 روز میں اس کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔