تاریخ اشاعت: September 1, 2026 - 12:01 AM
KIU Pays Tribute to Chinese Experts at Pak-China Border, Launches Cleanliness Drive
پاک چین سرحد پر کے آئی یو کا چینی ماہرین کو خراجِ تحسین، صفائی مہم کا آغاز
▫️خنجراب میں کے آئی یو طلبہ اور حکام کی ماحولیاتی مہم میں شرکت، قدرتی ماحول کے تحفظ اور ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ پر زور
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (KIU) کے چائنا سٹڈی سینٹر اور انٹرنیشنل آفس کے تعاون سے پاک چین سرحد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے چینی ماہرین اور پیشہ ور افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کا انعقاد پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کے تعاون سے کیا گیا، جس میں کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق، یونیورسٹی کے سینئر انتظامی و تعلیمی افسران، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے چینی انجینئرز، ماہرین، اسکالرز اور دیگر پیشہ ور افراد کی خدمات کو سراہا گیا۔ مقررین نے پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو تاریخی اور پائیدار شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، دوستی اور مشترکہ ترقی و خوشحالی کے وژن پر مبنی ’’آہنی برادرانہ‘‘ اور آل ویدر اسٹریٹجک تعاون پر مشتمل شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون صرف سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، ثقافت، انفراسٹرکچر، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔
ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر منظور علی اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس ڈاکٹر سجاد حیدر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مقررین نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان دیرینہ روابط کو اجاگر کرتے ہوئے تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور ترقی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق کی قیادت میں یونیورسٹی حکام اور طلبہ نے پاک چین سرحد پر صفائی مہم میں بھی حصہ لیا۔ یہ مہم کے آئی یو، محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اور خنجراب ویلی آرگنائزیشن (KVO) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
مہم کا مقصد کنزرویشن ایریا کے قدرتی ماحول کا تحفظ، صفائی کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا اور خنجراب کے حساس ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانے کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
شرکاء نے علاقے میں موجود کچرا صاف کیا اور سیاحوں و دیگر افراد کو صفائی برقرار رکھنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی ترغیب دی جو خطے کے نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ مہم کے ذریعے ذمہ دارانہ سیاحت کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی تاکہ پاک چین سرحد کے منفرد قدرتی حسن اور ماحولیاتی ورثے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدام پاکستان اور چین کی دوستی کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کو ماحولیاتی تحفظ کے پیغام سے جوڑنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا گیا، جس میں خطے کے قدرتی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔