تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 10:49 AM
NEPRA Removes Prior Approval Requirement for Solar Systems Up to 25kW
25 کلوواٹ تک سولر سسٹم لگانے والوں کیلئے نیپرا کی پیشگی منظوری کی شرط ختم
▫️نیپرا نے پروزیومر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کردی، متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی براہِ راست سولر سسٹم کی منظوری دے سکے گی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے چھوٹے سولر صارفین کے لیے اہم سہولت دیتے ہوئے 25 کلوواٹ یا اس سے کم صلاحیت کے سولر پی وی سسٹم کی تنصیب کے لیے نیپرا کی پیشگی منظوری کی شرط ختم کردی ہے۔
نیپرا نے اس مقصد کے لیے پروزیومر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کی ہے، جس کے بعد 25 کلوواٹ یا اس سے کم سولر سسٹم لگانے والے صارفین کو نیپرا سے الگ سے اجازت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے طریقہ کار کے تحت متعلقہ بجلی کی تقسیم کار کمپنی (ڈسکو) ایسے سولر سسٹمز کی براہِ راست منظوری دے سکے گی۔
نیپرا کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد گھروں اور دیگر چھوٹے صارفین کی جانب سے چھتوں پر لگائے جانے والے سولر سسٹمز کی منظوری کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سولر سسٹمز کی منظوری میں ہونے والی تاخیر اور انتظامی رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ چھوٹے صارفین کے لیے روف ٹاپ سولر لگانے کا عمل بھی مزید آسان ہوگا۔